رجب طیب اردوان نے تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر کا حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 جون 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 انقرہ: ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردوان نے تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر کا حلف اٹھالیا۔ 

ترک میڈیا کے مطابق رجب طیب اردوان نے 2028 تک صدر منتخب ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں پہلی تقریب انقرہ میں ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی میں منعقد ہوگی جہاں انہیں صدارتی منصب کی اسناد پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ترک سرکاری میڈیا  نے ترکی کی سپریم الیکشن کونسل کےحوالے سے بتایا  تھا ترکی کے صدر رجب طیب اردوان صدارتی الیکشن میں 54.47 فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے رہے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار کمال کلیک دار اوغلو کو 45.53 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔

سپریم الیکشن کونسل (وائے ایس کے) کے چیئرمین احمت ینیر نے دارالحکومت انقرہ میں صحافیوں کو ووٹوں کی گنتی کے سرکاری نتائج سے آگاہ کیا تھا۔

وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی دعوت پر رجب طیب اردوان کے صدر منتخب ہونے کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ہے۔

علاوہ ازیں سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کی اور انہیں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری لانے اور پاکستانی عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر انادولو گروپ کی حوصلہ افزائی کی۔ صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیراعظم ترکی کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔