توشہ خانہ فوجداری کیس؛ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2023
(فائل: فوٹو)

(فائل: فوٹو)

 اسلام آباد: ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کر دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کی کمپلینٹ پر سماعت شروع ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عمران خان نے ٹرائل کورٹ کارروائی کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔ خواجہ حارث نے آئندہ ہفتے تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روک رکھا ہے، اگر یہ وقت مانگ رہے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں، عدالت ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کا حکم واپس لے لے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کا حکم واپس لینے کی استدعا کی۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ عدالت اسٹے ختم کرکے ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک سکتی ہے، عدالت سے اسٹے ختم کرنے کی استدعا ہے۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ میں نے ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق بھی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ چھ ہفتے تک کا وقت دیا گیا تھا ابھی تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی رکی ہوئی ہے۔

دوسری جانب، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی جانب سے دائر توشہ خانہ کیس کی سماعت بھی ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل خالد یوسف چوہدری، بیرسٹر سلمان ایوب آفریدی عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سینیئر کونسل خواجہ حارث آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہیں اور اسی کیس سے متعلق سماعت ہائی کورٹ میں بھی ہوگی۔ استدعا کی گئی کہ عمران خان بھی ہائی کورٹ پیش ہو رہے ہیں آئندہ کی تاریخ دے دیں۔

عدالت نے وکلاء کو ہائی کورٹ کارروائی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔