چیمپئنز ٹرافی 2025؛ پاکستان سے منتقل کیے جانے کا امکان، بھارتی میڈیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2023
1996 کے بعد سے پاکستان کسی عالمی ایونٹ کا انعقاد نہیں کرواسکا ہے (فوٹو: فائل)

1996 کے بعد سے پاکستان کسی عالمی ایونٹ کا انعقاد نہیں کرواسکا ہے (فوٹو: فائل)

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو پاکستان سے منتقل کرنے کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔

بھارتی چینل نیوز 18 کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) 2025 کا ٹورنامنٹ پاکستان سے ویسٹ انڈیز اور امریکا منتقل کیا جاسکتا ہے جبکہ سال 2024 کا ٹی20 ورلڈکپ اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 2024 کے ٹی20 ورلڈکپ کے بجائے امریکا اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کو ہوسٹ کرسکتے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو وینیو تبدیلی پر بھاری معاوضہ ملنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ ویسٹ انڈیز، امریکا کی میزبانی کو خطرہ

حکام کی جانب سے بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے جبکہ آئی سی سی کے اگلے میڈیا حقوق کے لیے براڈکاسٹر بھی اس تجویز سے متفق ہیں، اگر معاملات آسانی سے آگے بڑھتے ہیں تو تبدیلیاں لاگو ہو سکتی ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کو ویسٹ انڈیز اور امریکا منتقل کرنے سے دونوں ممالک کو میزبانی کیلئے ضروری انفراسٹرکچر تیار کرنے کا اضافی وقت مل جائے گا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ2023؛ پاکستان نے میچوں کیلئے 3 ترجیحی مقامات بتادیئے

امریکا میں 2024 ورلڈکپ کیلئے انفراسٹرکچر کی موجودہ صورتحال زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہے اور میگا ایونٹ کی میزبانی اہم چیلنجز کا سامنا کرے گی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ میزبانی کے انتظامات میں شامل کسی بھی ملک نے ابھی تک سرکاری “میزبانی کے معاہدوں” پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ ان معاہدوں کو شروع کرنے کا عمل جولائی میں ڈربن میں آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے دوران شروع ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ، چیمپئینز ٹرافی کیلئے آئی سی سی حکام کا سیکیورٹی کا جائزہ

آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے تبادلے پر رضامندی کی درخواست کرسکتا ہے جبکہ ممکنہ طور پر انہیں اس تبدیلی کے لیے مالی طور پر معاوضہ دے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان دے رکھی ہے جبکہ 1996 کے بعد سے کسی عالمی ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں نہیں ہوسکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔