بجٹ میں 200 ارب روپے کے اضافی ٹیکسز عائد کیے گئے ہیں، چیئرمین ایف بی آر

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2023
( فوٹو: فائل )

( فوٹو: فائل )

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 200 ارب روپے کے اضافی ٹیکسز عائد کیے ہیں۔

بجٹ کے بعد پریس کانفرنس میں اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 175 ارب روپے کے براہ راست ٹیکسز لگائے گئے ہیں جبکہ 25 ارب روپےکے بلاواسطہ ٹیکسز لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے بیرون ممالک میں استعمال پر ود ہولڈنگ میں اضافہ کیا گیا یے، نان فائلرز پر 10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا جبکہ فائلرز پر 5 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بینکوں سے کیش رقوم نکلوانے پر نان فائلرز پر 0.6 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس بحال کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ غیر ملکی گھریلو ملازمین پر سالانہ 2 لاکھ روپے ایڈوانس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ برانڈڈ ٹیکسٹائل ، لیدر اور اسپورٹس سامان کے پی او ایس ریٹیلرز ٹیکس 12 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی تجویز ہکی گئی ہے جبکہ  1300 سی سی سے زائد کی ایشیائی گاڑیوں کی درآمد پر مقرر حد ختم کردی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال میں پانچ لاکھ نئے ٹیکس دہندگان نیٹ میں لانا تھے اسکے مقابلے میں سات لاکھ نئے ٹیکس پیئرز نیٹ میں شامل ہوئے، آئندہ مالی سال میں دس لاکھ نئے لوگ ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔