ارشد شریف کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 جون 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: ارشد شریف قتل ازخود کیس میں مقتول صحافی کی دوسری اہلیہ جویریہ ارشد نے سپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرا دیا۔

تحریری جواب میں اقوام متحدہ کی مختلف قراردادوں اور عالمی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ قراردادوں کی روشنی میں پاکستان کینیا میں حق دعوی رکھتا ہے۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی قوانین کے کینیا کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت متعلقہ فورم کو کی جا سکتی ہے، منصوبہ بندی کے تحت دوسری ریاستوں میں ہونے والے جرائم کی روک تھام کیلئے قانون موجود ہے۔

جویریہ ارشد نے اپنے تحریری جواب میں لکھا کہ پاکستان اور کینیا دونوں ہی اس حوالے سے عالمی قوانین کو تسلیم کر چکے ہیں، عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ سمیت دیگر فورمز سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

سپریم کورٹ کا خصوصی لارجر بنچ 13 جون کو ارشد شریف قتل کیس کی سماعت کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔