نشان حیدر ہاکی پی آئی اے کو واپڈا کے ہاتھوں شکست

عمر بھٹہ اور زیبر ریاض نے 2،2 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، نیشنل بینک نے آرمی ریڈ کیخلاف کامیابی کو گلے لگالیا۔


Sports Reporter April 29, 2014
عمر بھٹہ اور زیبر ریاض نے 2،2 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، نیشنل بینک نے آرمی ریڈ کیخلاف کامیابی کو گلے لگالیا۔ فوٹو: فائل

نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں واپڈا نے پی آئی اے کو مات دے دی، عمر بھٹہ اور زبیر ریاض نے 2، 2 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، نیشنل بینک نے آرمی ریڈ کو4-2 سے ہرادیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نشان حیدر ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے مطیع اللہ ہاکی اسٹیڈیم بہاولپور میں جاری ہیں، گزشتہ روزمنعقدہ دو میچز میں پہلے مقابلے میں پی آئی اے کی ٹیم برتری لینے کے باوجود واپڈا کے ہاتھوں 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہار گئی، قومی ایئرلائنز نے میچ کے 17ویں منٹ میں عنایت اللہ کے ذریعے برتری حاصل کی، یہ گول انھوں نے پنالٹی کارنر پر بنایا، واپڈا کے عمر بھٹہ نے جوابی وار کرکے اسکور 1-1 کردیا،پہلے ہاف کے آخری12منٹ میں دونوں ٹیمیں کوشش کے باوجود مزید گول اسکور نہیں کرپائیں، دوسرے ہاف میں واپڈا نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی دکھا کر مقابلہ اپنے نام کیا۔47 ویں منٹ میں واپڈا کی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہوئی،جس کا بھرپورفائدہ زبیر ریاض نے اٹھایا اور گیند کو جال میں پہنچادیا، 63 ویں منٹ میں زبیرریاض ہی نے انفرادی طور پر دوسرا گول داغ کر واپڈا کی برتری 3-1 کردی، اس کے صرف 3 منٹ کے بعد پی آئی اے کے محمد عرفان نے پنالٹی کارنر پر گول بناکر اسکور 2-3 کیا، کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل واپڈا کے عمر بھٹہ نے گیند کو جال میں پہنچاکر پی آئی اے کو شکست کے گہری کھائی میںدھکیل دیا۔

دوسرے میچ میں نیشنل بینک نے آرمی ریڈ کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے زیرکرلیا، دونوںٹیموں نے کھیل کے ابتدائی 15 منٹوں میں انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر متعدد حملے بھی کئے، گراؤنڈ اس وقت تماشائیوں کی تالیوں سے گونج اٹھا جب 16ویں منٹ میں نیشنل بینک کے سبطین رضا نے حریف ٹیم کی دفاعی لائن میں شگاف ڈالتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک دیا۔ صرف 4منٹ کے بعد سبطین رضا نے ایک اور فیلڈ گول کر کے اسکور2-0 کر دیا۔آرمی ریڈکی جانب سے 21ویں منٹ میں محمد سفیر نے ٹیم کا خسارہ کم کیا، پہلے ہاف تک نیشنل بینک کو آرمی کے خلاف 2-1 سے برتری حاصل رہی، 43ویں منٹ میں اختر علی نے نیشنل بینک کی طرف سے مجموعی طور پر تیسرا گول کیا، 7 منٹ کے بعد آرمی ریڈ کے عبدالجبار نے حریف گول کیپر کو چکمہ دیکر اسکور 3-2 کیا، ایوب علی نے 58ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچاکر نتیجہ4-2 بنادیا، کھیل کے آخری 12 منٹ میں کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ بناسکی۔