میئر کیلیے پی ٹی آئی ارکان سے مل کر حمایت مانگی ہے، سعید غنی

ویب ڈیسک  پير 12 جون 2023
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وزیر محنت سندھ سعید غنی نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سے ملا ہوں اور اُن ارکان سے حمایت مانگی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں جس کا اعتراف کرتا ہوں اور ہم پر کوئی پابندی نہیں ہے کہ ہم کیوں پی ٹی آئی ارکان سے نہیں مل سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی یوسی چیئرمین سے التجا کریں گے ووٹ دیں، ووٹ دیں گے تو اُن کی مہربانی اور نہ دیں تو اُن کا فیصلہ، جس دن الیکشن ہو اُس دن این آئی سی وی ڈی کی ٹیم تیار رکھیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی اب سپریم کورٹ جا رہی ہے، اگر یہ بندیال کے پاس چلے گئے تو شاید ان کو ریلیف مل جائے۔

میئر کے لیے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم کراچی کا بیٹا نہیں، میں سعید غنی اور سلمان عبداللہ مراد کراچی میں پیدا ہوئے ہیں۔ حافظ نعیم کے کاغذات چیک کرلیں وہ کہاں پیدا ہوئے ہیں؟ ہمیں پتہ ہے وہ خود کراچی میں پیدا نہیں ہوئے بلکہ حافظ نعیم بتا دیں وہ کراچی میں پیدا ہوئے ہیں؟

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ شاہراہ قائدین پر جو باتیں کر رہے ہیں، ہم اپنے کردار اور خدمت سے ان چیزوں کی نفی کریں گے۔ اگلے چار سال اور اس سے بھی اگلے چار سال ہم خدمت کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔