پاکستان اوپن ٹینس عقیل خان فتوحات کی راہ پر گامزن

راؤنڈ 16 میں یاسر خان، محمد عابد عثمان رفیق، محمد عابد، شہزاد خان، احمد چوہدری اور ہیرا عاشق بھی سرخرو رہے۔


Sports Reporter April 30, 2014
راؤنڈ 16 میں یاسر خان، محمد عابد عثمان رفیق، محمد عابد، شہزاد خان، احمد چوہدری اور ہیرا عاشق بھی سرخرو رہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں ٹاپ سیڈ عقیل خان نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

راؤنڈ 16 میں یاسر خان، محمد عابد عثمان رفیق، محمد عابد، شہزاد خان، احمد چوہدری اور ہیرا عاشق بھی سرخرو رہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لان ٹینس اکیڈمی باغ جناح لاہور میں کھیلے جارہے ایونٹ کے مینز پری کوارٹر فائنل مرحلے میں قومی نمبر ون کھلاڑی عقیل خان نے عمران شوکت کیخلاف باآسانی 6-1 اور 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے میچ میں محمد عابد نے ثنا اللہ کو 6-4 اور 6-2 سے ہرایا۔ شہزاد خان نے اعجاز خان کیخلاف 6-2 اور 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔

ہیرا عاشق نے عمر بابرکوآسان مقابلے کے بعد 6-1 اور6-1 سے زیر کیا۔ دیگر مقابلوں میں عثمان رفیق نے زریاب پیرزادہ کو 6-0 اور 6-1 جبکہ احمد چوہدری نے میاں بلال کو بھی اسی مارجن سے زیر کرلیا، آخری پری کوارٹر فائنل میں یاسر خان نے انعام الحق کو 6-2 اور6-2 سے مات دیکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔ قبل ازیں کھیلے گئے انڈر 18 کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں حسین منظور نے اسجد کو 6-0 اور 6-1 سے مات دی، امان عتیق خان نے ذکا اللہ کو 6-2 اور 6-1 سے ہرایا، الہام خان نے نوشیرطارق کو مات دی۔

یوسف خان کیخلاف طلحہ بن آصف اور ثاقب خان نے زریاب پیرزادہ کو ہرادیا، نوفل کلیم نے برکت علی کے سامنے بغیر کوئی پوائنٹ گنوائے کامیابی حاصل کی۔ انڈر 14 رائونڈ ایٹ میچز میں حافظ ارباب، شعیب خان، برکت اللہ، حمزہ بن ریحان، ثاقب عمر، الہام خان، یوسف خان اور حفصہ عبدالرحمان کامیاب رہے جبکہ مصطفیٰ علی، فرحان اللہ، فرحاد احمد، لقمان، نعلین عباس، محمد سعد، شاہزیب احمد اور عاقب عمر کا سفر تمام ہوگیا۔