اوورسیز پاکستانیوں کے خلاف مضحکہ خیز تبصرہ، واسع چوہدری نے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  بدھ 21 جون 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

لاہور: پاکستان شوبز کے اداکار واسع چوہدری نے اوور سیز پاکستانیوں کے خلاف مضحکہ خیز تبصرہ کرنے پر معافی مانگ لی۔

سوشل میڈیا پر واسع چوہدری کے پروگرام کی ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تھی جس میں ایک ماڈل کو اوور سیز پاکستانیوں کے بارے میں  احمقانہ اور مضحکہ خیز تبصرہ کرتے دیکھا گیا۔

ماڈل کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانی وطن آکر کاٹن کا سوٹ پہن کر گھومتے ہیں جبکہ باہر ممالک میں وہ باتھ روم صاف کر رہے ہوتے ہیں۔

ماڈل کی بات مزاحیہ انداز میں پروگرام میں موجود کامیڈین نے بھی کہا کہ کاٹن کا سوٹ پہن کر جیب میں 5 ہزار کا نوٹ بھی رکھ کر دکھاوا کررہے ہوتے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے ماڈل اور واسع چوہدری کو اس بیان پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور غم و غصے کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد پروگرام کے میزبان واسع چوہدری نے ٹوئٹر پر تمام اوورسیز پاکستانیوں سے معافی مانگ لی۔

انہوں نے لکھا ’حال ہی میں ہمارے پروگرام میں ایک مہمان کی جانب سے انتہائی احمقانہ، گھٹیا اور مضحکہ خیز تبصرہ کیا گیا تھا جس کے بعد ایک کامیڈین کی جانب سے بھی مذاق اڑایا گیا، میں مذاق رات کی پوری ٹیم کی جانب سے معافی مانگتا ہوں، غلطی اپنوں سے ہی ہوتی ہے‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔