سرکاری ادارے130 نجی شعبے پر336ارب روپے کے بجلی واجبات ادائیگی پر وزیراعظم سیکریٹریٹ کی بجلی بحال

کیسکوکے103ارب، پیسکو87، سیپکو74، لیسکو36.68، آئیسکوکے30.34 ارب واجبات ہیں


Numainda Express May 01, 2014
وزیراعظم سیکریٹریٹ نے 20لاکھ دیدیے، پارلیمنٹ کے ذمے90لاکھ میں28لاکھ ادا ۔ فوٹو: فائل

وزارت پانی وبجلی نے ملک بھر میں بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے بقایا جات کی تفصیل جاری کر دی ہے۔

جس کے تحت سرکاری اور نجی شعبے کے ذمے مجموعی طور پر 466 ارب پارلیمنٹ ہاؤس کی بجلی بحال کردی۔ وزارت پانی وبجلی کی طرف رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ تک کے بجلی واجبات کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سرکاری اداروں کے ذمے 130ارب روپے جبکہ نجی شعبے کے ذمے 336 ارب روپے کے واجبات ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے سرکاری اور نجی نا دہندگان کے ذمے 36 ارب 68 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔ گیپکو 10 ارب 84 کروڑ روپے، فیسکو 8 ارب 25 کروڑروپے، آئیسکو 30 ارب 34 کروڑ روپے اور میپکو کو 29 ارب 41 کروڑ کی وصولی کرنی ہے۔ پیسکو 87 ارب روپے، ٹیسکو 41 ارب 37 کروڑ روپے ، سیپکو 74ارب روپے جبکہ کیسکو کے 103ارب روپے سے زائد کے بقایاجات ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے واجبات کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم سیکریٹریٹ، پاک سیکریٹریٹ اور پارلیمنٹ ہاؤس کی بجلی بحال کردی۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق وزیراعظم سیکریٹریٹ کے ذمے 20 لاکھ اور پارلیمنٹ ہاؤس کے ذمے 90 لاکھ روپے تھے۔ وزیراعظم ہاؤس نے واجبات کی مکمل ادائیگی کردی ہے جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس نے28 لاکھ روپے کی ادائیگی کرکے بقیہ رقم جلد ادا کرنے کی یقین دہانی کرا ئی ہے جبکہ سی ڈی اے نے پاک سیکریٹریٹ کے بقایا جات کی مد میں 80 لاکھ روپے جاری کیے ہیں۔