کوہاٹ؛ پرانا پولیس لائنز خودکش حملہ، تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج

مقدمہ ایس ایچ اوتھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں دہشت گردی سمیت متعدد دفعات کے تحت نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیاگیا ہے


شاہد حمید September 19, 2026
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پرانا پولیس لائنز میں ہوئے خودکش دھماکے کا مقدمہ تھانہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں درج کرلیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ کوہاٹ حملے کے خلاف ایف آئی آر ایس ایچ او تھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے اور ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت متعدد دفعات شامل ہیں اور ایف آئی آر نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔

کوہاٹ پولیس نے بتایا کہ کوہاٹ مسجد پولیس لائنز پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا، دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ کی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے مسجد پولیس لائنز کو دھماکے کے ذریعے تباہ کیا، مسجد کے راستے کو بطور داخلی راستہ استعمال کیا گیا، دہشت گرد پولیس لائنز کے اندر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے داخل ہوئے تاہم پولیس نفری نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

پولیس نے بتایا کہ پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران آپریشن کی قیادت کے لیے پہنچے، دہشت گردوں کے خودکش حملے، فائرنگ اور دستی بم حملوں سے جانی نقصان ہوا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حملے میں 21 افراد شہید اور بڑی تعداد میں افراد زخمی ہوئے اور حملے میں سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔