بابراعظم کی ٹی20 بیٹنگ محمد عامر کو متاثر نہیں کرسکی

اسپورٹس ڈیسک  پير 26 جون 2023
ویراٹ کوہلی اور شبمان گل کو زیادہ پسند کرتا ہوں، مکی آرتھر نمبرون کوچ ہیں (فوٹو: ایکسپریس ویب)

ویراٹ کوہلی اور شبمان گل کو زیادہ پسند کرتا ہوں، مکی آرتھر نمبرون کوچ ہیں (فوٹو: ایکسپریس ویب)

  کراچی: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ٹی 20 پرفارمنس محمد عامر کو متاثر نہ کرسکی۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر  محمد  عامر نے پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن کے دوران بابراعظم کو ایک ٹیل  اینڈر  سمجھنے کا بیان دے کر تنازع چھیڑا تھا، اب اپنے یوٹیوب چینل پر سوال و جواب کے دوران انھوں نے بابر کو صرف ون ڈے اور  ٹیسٹ میں ہی اپنا فیورٹ  بیٹر  قرار دیا ہے۔

ان  کا کہنا تھا کہ بابر سوائے ٹی 20 کے میرے پسندیدہ بیٹر ہیں، وہ ٹیسٹ اور ون ڈے  میں میرے فیورٹ ہیں، ویراٹ  کوہلی اور شبمان گل کو پسند کرتا ہوں، میرے خیال میں سمجھتا ہوں کہ اگر شبمان نے اپنی موجودہ فارم برقرار رکھی تو وہ  بھارت کیلیے ایک اور بڑے  کھلاڑی ثابت  ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد عامر نے بابراعظم کے ساتھ تعلقات پر خاموشی توڑ دی

پسندیدہ بولرز کے حوالے سے محمد عامر کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نمبر ون بولر ہیں، ان کے بعد نسیم شاہ ہیں،  میں سمجھتا ہوں کہ یہ دونوں مکمل بولر اور تینوں فارمیٹس  کھیل سکتے ہیں، ان کے ساتھ مچل اسٹارک بھی شامل ہیں۔

عامر نے مکی آرتھر کو اپنا پسندیدہ ترین کوچ بھی قرار دیا، جب مکی پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے وہ ان کے ساتھ کام کرچکے  ہیں۔

ورلڈ  کپ کے حوالے سے عامر نے کہا کہ آنے والے میگا ایونٹ میں پاکستان ٹاپ 4 فیورٹ ٹیموں میں شامل ہوگا، ایشیائی کنڈیشنز میں گرین شرٹس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انھوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ انتہائی سنسنی خیز رہنے کی بھی پیشگوئی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔