آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات سے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں آج بھی بڑی کمی

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا ہونے سے روپے کی قدر بڑھ گئی، یورو، پاؤنڈ، درہم اور ریال کی قیمتوں میں بھی کمی


ویب ڈیسک July 04, 2023
(فوٹو: فائل)

آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین معاہدے کے بعد انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی جاری ہے، آج ڈالر کے انٹربینک نرخ مزید 10 روپے 55 پیسے کم ہوگئے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے پاکستانی روپے پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے بعد آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 10 روپے 55 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر کی انٹربینک قیمت 275.44 پر آگئی۔

یہ پڑھیں: 7 ماہ میں پہلی بار مہنگائی کی شرح میں کمی

انٹربینک مارکیٹ کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مسلسل گر رہی ہے، دو روز میں امریکی کرنسی کی قیمت میں مجموعی طور پر 11 روپے کمی ہوئی جس کے بعد آج مارکیٹ بند ہونے پر قیمت 279 روپے پر پہنچ گئی۔

ڈالر کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں یورو، پاؤنڈ، درہم اور ریال کی قدر میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی ہے، جس کے مطابق ریال کی قیمت میں 3.70 روپے کی کمی ہوئی اور ریال 71.70 روپے کا ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات؛ اسٹاک ایکسچینج 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

درہم کی قیمت میں 6.30 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد درہم 72.70 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ اسی طرح پاؤنڈ کی قیمت میں 13 روپے کی کمی سے 355 روپے پر ٹریڈنگ جاری ہے۔ یورو کی قیمت میں 8 روپے کی کمی ہوئی، اور یہ 305 پر فروخت ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈالر کی قیمت میں پانچ روپے کی بڑی کمی

چیئرمین ایکس چینج ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک بوستان کے مطابق آئی ایم ایف معاہدے کے بعد روپے کی قدر میں استحکام کے باعث ڈالر بیچنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈالر کی قدر 250 روپے تک آسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 مئی کو 312 روپے میں فروخت ہوا تھا۔ 30 مئی سے اب تک ڈالر کی قیمت 33 روپے کمی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔