قیادت کیخلاف مہم سے مصباح الحق سخت دلبرداشتہ

پی سی بی مجھے ون ڈے کپتان برقرار نہیں رکھنا چاہتا تو کیا کرسکتا ہوں، مصباح الحق


Sports Reporter May 03, 2014
پی سی بی مجھے ون ڈے کپتان برقرار نہیں رکھنا چاہتا تو کیا کرسکتا ہوں، مصباح الحق۔ فوٹو: فائل

قیادت کیخلاف مہم سے مصباح الحق سخت دلبرداشتہ ہیں، چیئرمین نجم سیٹھی کی ہدایت پر تجربہ کار بیٹسمین نے چپ سادھ لی، البتہ میڈیا کے استفسار پر صرف اتنا کہنے پر اکتفا کیا کہ ''پی سی بی مجھے ون ڈے کپتان برقرار نہیں رکھنا چاہتا تو کیا کرسکتا ہوں''۔

دوسری جانب فیصلے کا کوئی اختیار نہ ہونے کے باوجود کپتانی پر سوالیہ نشان لگانے والے چیف سلیکٹر و منیجر معین خان کے ساتھ سینئر بیٹسمین کے تال میل میں دشواری کا خدشہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مضبوط اعصاب کی وجہ سے کئی بار میدان میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے مصباح الحق کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھ چکے، بعض حلقوں کی طرف سے دباؤ بڑھائے جانے کے بعد انھوں نے ٹوئنٹی 20ٹیم کی قیادت چھوڑ دی تھی،اب ورلڈ کپ 2015سے قبل انھیں ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کیلیے بھی کوششیں جاری ہیں، چند روز قبل سمرکیمپ کیلیے کھلاڑیوں کا اعلان کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں چیف سلیکٹر و منیجرمعین خان نے ایک سوال پر کہا کہ ''قیادت میں تبدیلی کے حوالے سے کافی غور کیا گیا، مصباح ہوں یا کوئی اور، وہی فیصلہ کیا جائے گا جو ملک اور ٹیم کے مفاد میں بہتر ہو''۔

کپتانی کے حوالے سے فیصلے کا کوئی اختیار نہ ہونے کے باوجود چیف سلیکٹر کے اس معنی خیز بیان سے ایک طوفان کھڑا ہوگیا، اس سے قبل چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی متعدد بار مصباح کو ورلڈکپ تک کپتان برقرار رکھنے کی یقین دہانی کراچکے تھے، اب بھی انھیں خود وضاحت پیش کرکے معاملہ ٹھنڈا کرنا پڑا۔ اس صورتحال سے بیزار مصباح الحق نہ صرف اس حوالے سے میڈیا سے بات کرنے سے گریز کررہے ہیں بلکہ ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ ایسی تقریبات کا حصہ بھی نہ بنیں جہاں اس قسم کے سوالات اٹھائے جائیں۔

معین خان کے بیان پر پیدا ہونے والے صورتحال پر بات کرتے ہوئے انھوں نے صرف اتنا کہا کہ ''اگر پی سی بی مجھے ون ڈے کپتان برقرار نہیںرکھنا چاہتا تو کیا کرسکتا ہوں''۔ ذرائع کے مطابق ایک سوال یہ بھی ہے معین خان کی طرف سے قیادت کی تبدیلی کے واضح اشارے دینے کے بعد پیدا ہونے والی خلیج سے مصباح الحق کے ساتھ ان کا تال میل کیسا ہوگا؟دہرے عہدے کے مالک چیف سلیکٹر بطور منیجر بھی ٹیم کے اہم فیصلوں پر اثر انداز ہوںگے تو پلیئنگ الیون تشکیل دیتے ہوئے مشکل صورتحال ہو سکتی ہے۔