کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر رینجرز حکام کی تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہیں رابطہ کمیٹی

ہمیں ایماندارانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع ہے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی


ویب ڈیسک May 03, 2014
ایم کیو ایم کے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لئے سندھ رینجرز نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

KARACHI: ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر رینجرز کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا خیر مقدم کیا ہے ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر رینجرز حکام کی جانب سے تحقیقات کا اعلان مثبت اقدام ہے اور ہمیں ایماندارانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع ہے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھاکہ ہمیں امید ہے لاپتا کارکنوں کو جلد بازیاب کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لئے سندھ رینجرز نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر رضوان نے ایم کیو ایم کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیےخصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ رینجرز سیاسی جماعتوں کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے لیکن ہم اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرتے ہیں۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کارکنوں کے تسلسل کے ساتھ قتل کے حوالے سے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کی تحقیقات کرائیں کہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار کون ہیں اور کس کے کہنے پر ہمارے کارکنوں کو اغوا کر کے انھیں قتل کر دیا جاتا ہے اور پھر ان کی لاشیں ویران علاقوں میں پھینک دی جاتی ہیں۔

مقبول خبریں