راولپنڈی غیرت کے نام پر 3 افراد کا قتل ابتدائی تحقیقات میں اہم پیش رفت
قتل کے دونوں واقعات غیرت کے نام پر ہوئے اور دونوں واقعات کی کڑیاں آپس میں ملتی ہیں
کلرسیداں میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی سمیت 3 افراد کے قتل کے دو واقعات کی ابتدائی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کے دونوں واقعات غیرت کے نام پر ہوئے اور دونوں واقعات کی کڑیاں آپس میں ملتی ہیں۔
مقتولہ ثوبیہ نے چند روز قبل یاسر سے طلاق لی تھی جبکہ مقتولہ ثوبیہ کو اسکے بھائی عثمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ دوسرے واقعے میں ثوبیہ کے سابقہ شوہر یاسر نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر چھریوں کے وار سے رخسانہ اور اسکے بیٹے صغیر کو قتل جبکہ شوہر شبیر کو زخمی کیا۔
یاسر کو شک تھا کہ اس کی سابقہ اہلیہ ثوبیہ کے مقتولہ رخسانہ کے بیٹے ادریس سے مراسم تھے۔
ایس پی صدر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر موجود رہے۔ ایس ڈی پی او کہوٹہ کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، دونوں واقعات کے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔