وزیر اعظم کو امن مذاکرات کی کامیابی کی امید

وزیر اعظم نے تسلیم کیا کہ طالبان سے بات چیت کا نتیجہ توقع سے کم نکلا ہے مگر یہ عمل آگے بڑھ رہا ہے ...


Editorial May 06, 2014
وزیر اعظم نے تسلیم کیا کہ طالبان سے بات چیت کا نتیجہ توقع سے کم نکلا ہے مگر یہ عمل آگے بڑھ رہا ہے. فوٹو؛فائل

لاہور: وزیر اعظم نواز شریف نے لندن میں بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ طالبان اور حکومت کے درمیان جنگ بندی سے بعض عناصر خوش نہیں جن کا کھوج لگانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مزید خون بہائے بغیر امن کا قیام ممکن ہو سکے۔ وزیر اعظم نے مذاکرات سے ناراض لوگوں کا درست ذکر کیا ہے کیونکہ جن عناصر کا افراتفری اور کشت و خون سے فائدہ ہو رہا ہو ان کو امن و امان کی باتیں اچھی نہیں لگتیں کیونکہ اس طرح ان کا خون آشام کاروبار مندی کا شکار ہو جاتا ہے ان عناصر کے علاوہ پاکستان دشمن بیرونی حکومتیں بھی یہاں تخریبی کارروائیاں کراتی ہیں' اپنے دشمن ملک کا امن و سکون انھیں بھی نہیں بھاتا۔

اب وزیر اعظم نے یہ جو اعلان کیا ہے کہ ایسے لوگوں کا کھوج لگایا جائے گا جو امن مذاکرات کے مخالف ہیں تو یہ ان کی سب سے بڑی کامیابی ہو گی اور تب طالبان کے ساتھ مذاکرات بھی کامیاب ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آئین سپریم ہونے کے جنرل راحیل شریف کے بیان سے بہت سے ابہام دور ہوئے ہیں اور یہ کہ آئین کا احترام سب پر مقدم ہے۔ وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت، افواج پاکستان اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملک کی سیکیورٹی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ملکر قدم بڑھا رہی ہیں۔ گویا اس حوالے سے بعض مخصوص عناصر کی طرف سے جو غلط فہمیاں پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں وزیر اعظم نے ان کا ابطال کر دیا ہے۔

وزیر اعظم نے تسلیم کیا کہ طالبان سے بات چیت کا نتیجہ توقع سے کم نکلا ہے مگر یہ عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ گو کہ دہشتگردانہ حملے پوری طرح سے بند نہیں ہوئے اور یہ ان عناصر کا کام ہے جو فائر بندی سے خوش نہیں انھی نے سبزی منڈی اسلام آباد اور دیگر مقامات پر بھی دھماکے کیے ان عناصرکا کھوج لگایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے وعدہ کیا کہ ہم بلوچستان کے ہر شہرکو گیس فراہم کریں گے اور سڑکوں کا جال بچھائیں گے۔ بلوچوں کے احساس محرومی کم کریں گے جنھوں نے بلوچوں کے ساتھ ظلم کیا ہے انھیں اس کا خمیازہ بھگتنا چاہیے۔ اگر پاکستان میں مارشل لا نہ آتے تو کبھی سیکیورٹی کا مسئلہ نہ ہوتا۔ جمہوریت کے دوران آج تک ملک اور عوام کو کبھی سیکیورٹی کا مسئلہ درپیش نہیں ہوا ہے۔