ویژن ٹوئنٹی 20 پروگرام ترتیب دیدیا ہے رانا مجاہد

آئندہ سال قومی ہاکی ٹیم عالمی سطح پر اولین تین بہترین سائیڈز میں شمار ہوگی، رانا مجاہد


Sports Reporter May 08, 2014
آئندہ سال قومی ہاکی ٹیم عالمی سطح پر اولین تین بہترین سائیڈز میں شمار ہوگی، رانا مجاہد فوٹو : فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد علی نے کہا ہے کہ 2020 تک ویژن ٹوئنٹی 20 پروگرام ترتیب دیدیا ہے۔

آئندہ سال قومی ہاکی ٹیم عالمی سطح پر اولین تین بہترین ٹیموں میں شمار ہوگی، ڈومیسٹک ہاکی کا ڈھانچہ بھی یورپی ٹیموں کے ہم پلہ ہوجائے گا، اس پلان کے تحت قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ساتھ پاکستان کی دو جونیئر ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، اس کیلیے ہمیں سالانہ50 کروڑروپے درکار ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو میں کیا، رانا مجاہد نے کہا کہ منصوبے کے تحت قومی اداروں میں قومی کھیل کی ٹیموں کی بحالی اور جونیئرز سطح پر ڈومیسٹک ایونٹس کا انعقاد ہوگا، فیڈریشن آل پاکستان انٹر اسکول ٹورنامنٹ بھی منعقد کرے گی، نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے جونیئر ہاکی پر بھی خاص توجہ دی جائے گی۔

دو جونیئر ہاکی ٹیموں کی تشکیل کا فیصلہ عالمی کپ ہر4 کے بجائے ہر 2 سال بعد ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ رانا مجاہد نے کہا کہ میں خود ویژن ٹوئنٹی ٹوئنٹی پروگرام کے نگراں ہوں گا جبکہ طاہر زمان کوچزکے سربراہ ہونگے ، اس پروگرام کے تحت پاکستان میں 10 ڈومیسٹک ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے جس میں 6کا انعقاد لازمی ہوگا، ٹیموں کی زیادہ تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کیلیے پاکستان آرمی، پی آئی اے ، واپڈا اور سوئی سدرن گیس سمیت دیگر اداروں سے درخواست کی جائیگی کہ وہ ہر ایونٹ میں اپنی2 ٹیموں کوشرکت کا پابند کریں۔ رانا مجاہد علی نے کہا کہ فیڈریشن کو سالانہ50 کروڑ روپے کے فنڈز کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ ، وفاقی سیکریٹری اعجازچوہدری اور پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل اخترنواز گنجیرا نے ہاکی کیلیے فنڈز مختص کرانے کی بھر پور یقین دہانی کرائی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اورایاز صادق نے بھی فنڈز کی فراہمی میں تعاون کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا تو فیڈریشن شدید مالی بحران کا شکار اور تنقید کی زد میں تھی، قومی اولمپئنز دو دھڑوں میں منقسم تھے، ہم نے قومی ہاکی کی بہتری کیلیے سنیئرزکو عزت دے کر فیڈریشن میں با اختیار کیا، اب معاملات باہمی مشاورت سے طے کیے جارہے ہیں، اب فیڈریشن بہتری کی جانب رواں دواں ہے۔