سپریم کورٹ نے عام انتخابات میں دھاندلی کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا

انتخابی اصلاحات کےحوالہ سے فیصلہ ہوا میں اچھال دیا گیا او اس پر من وعن عمل نہیں کیا گیا، وکیل عمران خان


ویب ڈیسک May 08, 2014
انتخابی اصلاحات کےحوالہ سے فیصلہ ہوا میں اچھال دیا گیا او اس پر من وعن عمل نہیں کیا گیا، وکیل عمران خان فوٹو:فائل

عام انتخابات میں دھاندلی کےحوالے سے تحریک انصاف کی درخواست پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے 15 روز میں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس دوران عمران خان بھی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ورکر پارٹی نے انتخابات میں اصلاحات سے متعلق عدالتی فیصلہ پر عمل نہ ہونے کےحوالے سے درخواست دائر کررکھی ہے۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل حامد خان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کےحوالے سے فیصلہ ہوا میں اچھال دیا گیا او اس پر من وعن عمل نہیں کیا گیا جس کے باعث تحریک انصاف نے بھی درخواست دائر کی۔ عدالت نے ورکرپارٹی اور تحریک انصاف کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 15 روز کے لیے ملتوی کردی۔

سماعت کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کو سب سے بڑا خطرہ دھاندلی سے ہے لہذا دھاندلی کے ذمہ داروں کو سزائیں ضرور ملنی چائیں، 4 حلقے کھلنے سے پتہ چل جائے گا الیکشن میں کیا ہوا۔ عدالت میں پیش ہونے سے قبل عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو اگر خطرہ ہے تو صرف دھاندلی سے ہے۔ سپریم کورٹ میں چار درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔

مقبول خبریں