انجری سے نجات کے بعد محمد عرفان نے بھرپور ٹریننگ شروع کردی

کیمپ میں کرکٹرز کی فزیکل فٹنس مشقوں کا آغاز، کھلاڑیوں 2گروپس میں تقسیم کیا گیا۔


Sports Reporter May 09, 2014
کیمپ میں کرکٹرز کی فزیکل فٹنس مشقوں کا آغاز، کھلاڑیوں 2گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹرز کی فزیکل فٹنس ٹریننگ کا آغاز ہو گیا، انجری سے نجات کے بعد فاسٹ بولر محمد عرفان بھی ایکشن میں نظر آئے۔

گذشتہ روز کیمپ میں مدعو 40 پلیئرزکے2گروپس نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں الگ الگ ٹریننگ کی، صبح کے مرحلے میں پی سی بی پینتھرز نے این سی اے جبکہ ٹائیگرز نے قذافی اسٹیڈیم میں فٹنس میں بہتری کیلیے کوششیں کیں۔ ساڑھے4 بجے ہونے والے دوسرے مرحلے میں پی سی بی پینتھرز نے قذافی اسٹیڈیم جبکہ ٹائیگرز نے این سی اے میں ٹریننگ کی۔ پینتھرز میں احمد شہزاد ،توفیق عمر ،عمران فرحت ، یاسر حمید ،مصباح الحق ، عمر اکمل ، فیصل اقبال ، حارث سہیل ، فواد عالم ، شاہد آفریدی ، سہیل تنویر ، عبدالرحمان ، عاطف مقبول ،عمر گل ، احسان عادل،وہاب ریاض ، راحت علی ،محمد سمیع ،عدنان اکمل اور بابر اعظم شامل ہیں، ٹائیگرز میں ناصر جمشید ،شرجیل خان ،شان مسعود،خرم منظور، یونس خان ،اسد شفیق ،اظہر علی ، صہیب مقصود ، عمر امین ، محمد حفیظ ،انور علی ، ذوالفقار بابر ، رضا حسن ، یاسر شاہ، محمد طلحہٰ ،محمد عرفان ، بلاول بھٹی ،اعزاز چیمہ ، سرفراز احمد اور محمد سمیع کو رکھا گیا ہے۔

فزیکل ٹریننگ سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے سخت محنت کی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کرائی جبکہ چیف سلیکٹر معین خان نے بھی کیمپ میں کھلاڑیوں کی تربیت کی نگرانی کی، اس موقع پر جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین باسط علی اور سلیکشن کمیٹی کے ممبر سلیم یوسف بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ قومی کرکٹرز کا سمر کیمپ ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ دریں اثنا2 روزہ اسکریننگ کیمپ میں چار کھلاڑی12 پوائنٹس کے ساتھ سپر فٹ قرار پائے،ان میں شان مسعود، عمر امین، احسان عادل اور محمد سمیع شامل ہیں۔ سب سے کم درجے کی فٹنس پہلی بار کیمپ کا حصہ بننے والے عاطف مقبول کی رہی، ان کے پوائنٹس8 ہیں۔