سلیمان لاشاری قتل کیس 4 پولیس اہلکار جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ڈیفنس میں ایس پی سکرنڈ غلام سرور ابڑو کے بیٹے سلمان ابڑو نے اپنے ہی دوست سلیمان لاشاری کو فائرنگ کرکےقتل کردیا تھا


ویب ڈیسک May 09, 2014
سلمان ابڑو اسپتال میں زیر علاج ہے جس کے باعث اسے عدالت میں پیش نہیں کرسکے، پولیس کا عدالت میں بیان فوٹو؛ایکسپریس نیوز

QUETTA: سلیمان لاشاری قتل کیس میں عدالت نے 4 پولیس اہلکاروں کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان شمشیر میں ڈی ایس پی سکرنڈ کے بیٹے سلمان ابڑو اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے سلیمان لاشاری کو قتل کرنے کے الزام میں 4 پولیس اہلکاروں کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا اور ملزمان کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

اس موقع پر پولیس نے عدالت کو بتایا کہ سلمان ابڑو اسپتال میں زیر علاج ہے جس کے باعث اسے عدالت میں پیش نہیں کرسکے، جب کہ پولیس نے سلمان ابڑو کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی۔ اس موقع پر عدالت نے حکم دیا کہ ملزم جیسے ہی عدالت میں آنے کے قابل ہو اسے ایمبولنس میں ڈال کرلایا جائے۔

دوسری جانب پولیس اپنے افسر کے بیٹے کو بچانے کے لیے سرگرم ہوگئی، ایک جانب پولیس جھگڑے کی وجہ جاننے سے تاحال قاصر ہے تو دوسری طرف مرکزی ملزم سلمان ابڑو کی حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے اس کا بیان بھی قلمبند نہیں کیا گیا جس کی باعث ابھی تک کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

واضح رہے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی علاقے ڈیفنس میں ایس پی سکرنڈ غلام سرور ابڑو کے بیٹے سلمان ابڑو نے اپنے ہی دوست سلیمان لاشاری کو فائرنگ کرکےقتل کردیا تھا۔ واقعے میں ایس پی کے بیٹے کو پولیس اہلکاروں کی معاونت بھی حاصل تھی جنھیں ایس پی سکرنڈ نے غیر قانونی طور پر اپنے گھر والوں کی حفاظت کے لئے مامور کررکھا تھا۔