عابد شیر علی کا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی كاركردگی پر عدم اطمینان كا اظہار

جس فیڈر میں بجلی چوری ہوگی وہاں كے ایس ڈی او اور ایس ای كے خلاف مقدمات درج ہوں گے، عابد شیر علی


Numainda Express/ May 09, 2014
گزشتہ 7 سالوں كے دوران كسی نے بجلی کے نظام كو درست نہیں كیا لیكن ہم سابقہ حكومتوں كی طرح عوام كی آنكھوں میں دھول نہیں جھونكیں گے، عابد شیر علی فوٹو: فائل

ISLAMABAD/RAWALPINDI: وزیر مملكت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے بجلی کی تقسیم كار كمپنیوں كی كاركردگی پر عدم اطمینان كا اظہار كرتے ہوئے خبردار كیا ہے كہ اعداد وشمار میں تضاد كے ذمہ داروں كو سزا ملے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بجلی كی تقسیم كار كمپنیوں كی كاركرگی كے حوالے سے عابد شیر علی نے کہا کہ كمپنیوں كے پاس حقیقی اعداد وشمار ہی نہیں ہیں، كمپنیوں نے سابقہ حكومتوں كی آنكھوں میں دھول جھونكی لیكن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور جس فیڈر میں بجلی چوری ہوگی وہاں كے ایس ڈی او اور ایس ای كے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ كمپنی(این ٹی ڈی سی) بھی بجلی کے نظام كی خرابی كی ذمہ دار ہے، گزشتہ 7 سالوں كے دوران كسی نے اس نظام كو درست نہیں كیا لیكن ہم سابقہ حكومتوں كی طرح عوام كی آنكھوں میں دھول نہیں جھونكیں گے۔

عابد شیر علی نے بتایا كہ وزیر اعظم نواز شریف نے ایک ماہ كے اندر بجلی كا باقاعدہ نظام بنانے كی ہدایت كی ہے، وزارت ریلوے كے ساتھ تیل كی سپلائی سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے اور اب جامشورو اور مظفر گڑھ كے پاور اسٹیشنوں كو ریلوے كے ذریعے تیل سپلائی كیا جائے گا۔