33 ویں قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ بدھ سے شروع ہوگی

میچز نئے انٹر نیشنل فیڈریشن قواعد کے تحت 15،15 منٹ کے چار حصوں پر مشتمل ہوں گے۔


Sports Reporter May 10, 2014
میچز نئے انٹر نیشنل فیڈریشن قواعد کے تحت 15،15 منٹ کے چار حصوں پر مشتمل ہوں گے۔ فوٹو: فائل

33 ویں قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ بدھ 14مئی سے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں شروع ہورہی ہے۔

پی ایچ ایف کے زیر اہتمام اور کے ایچ اے کے تحت 25 مئی تک جاری رہنے والی یہ چیمپئن شپ ایف آئی ایچ کے نئے طریقہ کار کے مطابق منعقد ہوگی، جس کے تحت 35،35 منٹ کے 2 ہاف پر مشتمل 70 منٹ کے کھیل کی بجائے 15،15 منٹ کے 4 حصوں پر مشتمل میچ کا دورانیہ 60 منٹ ہوگا ،پہلے اور تیسرے حصہ کے اختتام پر ہر ٹیم کو 2منٹ کا وقفہ ملے گا جبکہ رائج 10 منٹ کے وقفہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

دوسرے تبدیل شدہ قانون کے تحت پہلاپنالٹی کارنر ملنے کی صورت میں 40 سیکنڈ کا ٹائم آئوٹ دیا جائیگا، ری پنالٹی کارنر کی صورت میں اضافی40 سیکنڈ نہیں دیے جائیں گے جبکہ اس دوران 40 سیکنڈ میں اپنی پوزیشن پر واپس نہ پہنچنے والے کھلاڑی کو گرین کارڈ دکھا کر اگلے2 منٹ کے لیے معطل کر دیا جائیگا، مزید براں گول ہونے کی صورت میں 40 سیکنڈ کا ٹائم آئوٹ دیا جائیگا، دریں اثنا پی ایچ ایف نے واسع جلیل کوچیمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا چیئرمین اور محمد فاروق خان کو سیکریٹری مقررکیا ہے، سابق قومی کپتان اولمپئن شاہد علی خان چیف کوآرڈینیٹر ہوں گے، چیمپئن شپ سے ایک روز قبل امپائرز ، ججز، ٹیم ڈاکٹرز، منیجرز اورکپتانوں کے لیے بریفنگ اجلاس منعقد ہوں گے۔

علاوہ ازیں پی ایچ ایف نے چیمپئن شپ کے مو قع پرعمرکی تصدیق کے لیے اولمپئن طاہر زمان، ڈاکٹر وقار احمد، ندیم احمد بھٹی اور محمد رمضان جمالی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جسے مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کی عمر کی جانچ کے لیے بون ٹیسٹ و دیگر اقدامات کا استحقاق حاصل ہوگا۔علاوہ ازیں عمر کی تصدیق کے لیے نادرا کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائیگا، زائد العمر ثابت ہونے والے کھلاڑی پر ایک برس پابندی عائد کردی جائے گی۔