الخدمت کے بنو قابل آئی ٹی ٹیسٹ میں ہزاروں طلباء و طالبات کی شرکت
ٹیسٹ کیلئے ایک لاکھ سے زائد افراد نے رجسٹریشن کروائی تھی، الخدمت فاؤنڈیشن
الخدمت کے تحت باغ جناح میں فری آئی ٹی کورسز کیلئے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
الخدمت فاونڈیشن کے مطابق بنو قابل پروگرام کے تحت دوسرے مرحلے میں ٹیسٹ کیلئے ایک لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات نے رجسٹریشن کروائی تھی۔ پروگرام کے تحت آئی ٹی کے 15 کورسز بالکل مفت کرائے جائیں گے۔
اس موقع پر بنو قابل پروگرام کے پہلے مرحلے کے کامیاب گریجویٹس کو اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ اسٹیج پر پہلے مرحلے میں کورسز کرنیوالے طلبہ کے مختلف اسٹارٹ اپ پراجیکٹس کی نمائش بھی ہوئی۔ الخدمت کے تحت مفت آئی ٹی کورسز کے پہلےسیشن میں 15 ہزار نوجوانوں نے کورسزکیے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں بنو قابل آئی ٹی کالج بنانے اور سی ایس ایس کی کلاسز شروع کرنے کا اعلان کیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں اور اللہ پر بھروسہ رکھیں، یہ ملک پھر ترقی کرے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو باہر بھیجے بغیر ہی ملک میں ڈالر بھی لائیں گے اور اپنے روپے کی ویلو بھی بڑھائیں گے۔ آج کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں وعدہ کریں کہ محنت کریں گے اور کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور وڈیرے پاکستان پر قبضہ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے قربانیاں اس لیے نہیں دی تھیں کہ وڈیرے اور جاگیردار ہم پر قبضہ کرلیں۔ ہم لسانیت و عصبیت پر یقین نہیں رکھتے تمام زبان بولنے والے ہمارے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ شہر میں رہنے والے تمام لوگوں کی خدمت کریں گے۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔ قبضہ مئیر سے جاں چھڑوانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ مسئلہ صرف مئیر کا نہیں اب صوبائی اسمبلی بھی ہم بنائیں گے۔