میئر کراچی کا کے الیکٹرک بلز میں 320 روپے فی یونٹ سرکلرڈیٹ وصولی پر مقدمہ کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس، کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کے انبار لگ گئے


ویب ڈیسک September 11, 2023
فوٹو فائل

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کے الیکٹرک بلز میں فی یونٹ 3.20 روپے سرکلرڈیٹ کی وصولی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مقدمہ کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر کی صدارت کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری فنانس کاظم جتوئی، کمشنر کراچی سلیم راجپوت، ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند، سیکریٹری انرجی فیاض عباسی، کے الیکٹرک سی ای او مونس علوی، انرجی ڈپارٹمنٹ کے طارق شاہ، شبر زیدی اور دیگر شریک تھے۔

اجلاس میں کراچی کے عوام اور کے الیکٹرک کے درمیان مسائل حل کرنے پر غور کیا گیا۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کی شکایت پر اُن کے عملے کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے الیکٹرک کے صارفین 3.20 روپے کے حساب سے بل میں سرکلر ڈیٹ ادا کرتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ کے الیکٹرک کا سرکلر ڈیٹ سے کوئی واسطہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نیپراسماعت؛ کراچی کے صارفین بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست پر سیخ پا، شکایات کے انبار

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 3.20 روپے پر یونٹ ادائیگی کا مسئلہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ وہ اس غیر آئینی ریکوری پر نیپرا میں کیس داخل کریں گے۔

سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ ادارہ شہر قائد میں 3400 میگا واٹ بجلی سپلائی کرتا ہے، ٹیرف کے بڑھنے سے پاور کی کھپت میں 5 فیصد اور وصولیوں میں 3.4 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، کے الیکٹرک کے 262 فیڈرز ماہانہ 3.6 بلین روپے کا نقصان کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بجلی کی چوری کی روک تھام میں کے الیکٹرک کے ساتھ تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ نے کے الیکٹرک کو مشورہ دیا کہ عوام کو ایسی مصنوعات کی آگاہی دی جائے جس سے بجلی کی کھپت کم ہوتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کو اُن کے میٹرز کے خلاف بڑھتی ہوئی شکایات سے بھی آگاہ کیا۔

کے الیکٹرک نے کہا کہ بجلی کے میٹر کے خلاف شکایات کے لیے الگ فورم موجود ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بجلی کے بل بروقت صارفین کو نہیں پہنچائے جاتے اس پر کے الیکٹرک نے کہا کہ اُن کے بل فوری طورپر اُن کے پورٹل پر آجاتے ہیں جہاں سے چاہیں دیکھے جاسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں