نئے پی سی بی آئین کا مسودہ تیارچیئرمین کے سپرد

بورڈ کے زیادہ تر اختیارات منیجنگ ڈائریکٹر کو تفویض کرنے کی سفارش کر دی گئی


Sports Reporter May 13, 2014
چیئرمین کا انتخاب نامزدگی کے بجائے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا،ذرائع فوٹو: فائل

پی سی بی کے نئے آئین کا مسودہ تیار کرکے چیئرمین نجم سیٹھی کے حوالے کردیا گیا۔

زیادہ تر اختیارات منیجنگ ڈائریکٹر کو تفویض کرنے کی سفارش کی گئی ہے، نئے چیئرمین کا انتخاب نامزدگی کے بجائے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین سابق چیئرمین ذکا اشرف کے دور میں تیار ہوا، گذشتہ سال اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کا انتخاب غیر شفاف قرار دیتے ہوئے آئین بھی معطل کردیا،بین الصبوبائی رابطے کی وزارت کی ایس آر او کے تحت نجم سیٹھی نے بورڈ کا چارج سنبھالا،اس دوران مختصر مدت کیلیے ذکا اشرف بحال بھی ہوئے، گذشتہ آئین کے تحت ہی چیف پیٹرن کے اختیارات صدر مملکت کے بجائے وزیر اعظم کو منتقل کردیے گئے۔

ان کے حکم پر ہی گورننگ بورڈ تحلیل کرکے نجم سیٹھی کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ نیا آئین تیار کرنے کیلیے جسٹس فقیر محمد کھوکھر اور جسٹس جمشید علی شاہ کی خدمات حاصل کی گئی تھیں، ذرائع کے مطابق اس ضمن میں 38صفحات پر مشتمل ابتدائی مسودہ تیار کرکے چیئرمین پی سی بی کے حوالے کردیا گیا ہے، ان کی طرف سے جائزہ لیے جانے کے بعد ڈرافٹ بین الصبوبائی رابطے کی وزارت کو بجھوایا جائے گا،حتمی منظوری وزیر اعظم دینگے۔ نئے آئین میں منیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ متعارف کرایا گیا، اسے بورڈ میں زیادہ تر اختیارات حاصل ہونگے جو قبل ازیں صرف چیئرمین کی صوابدید سمجھے جاتے تھے۔

دوسری طرف نئے آئین میں چیف پیٹرن کی طرف سے نامزدگی کے بجائے چیئرمین کا انتخاب جمہوری طریقے سے کرنے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، وزیر اعظم کی طرف سے تبدیلیوں کی منظوری کے بعد اگلا سربراہ الیکشن کے ذریعے ہی لایا جائے گا، تنظیمی ڈھانچے میں ریجنز کا کردار اہم ہوگا جس سے علاقائی سطح پر کھیل کا معیار بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔