امریکا پاکستان اور ایران میں اختلافات کی سازش کر رہا ہے خامنہ ای

پاکستان کے عوام مجھے اسی طرح عزیز ہیں جس طرح ایرانی عوام سے ہے، خامنہ ای


INP/APP May 13, 2014
تہران:وزیراعظم نوازشریف ایران کے روحانی پیشوا سید آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کررہے ہیں ۔ فوٹو : اے پی پی

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کا تاریخی پس منظر ہے۔

دونوں مسلمان ممالک مشترکہ روایات سے جڑے ہوئے ہیں اور یہ مشترکہ رشتے ہمارے تعلقات کو مزید خصوصی اہمیت کا حامل بناتے ہیں جبکہ ایران کے روحانی پیشوا سید آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی مجھے اسی طرح عزیز ہیں جس طرح ایران کے عوام اور میں خصوصی طور پر دعا گو ہوں کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں اور مضبوط ہوں۔ پیر کو وزیراعظم نے تہران میں سید آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کا تاریخی پس منظر ہے اور دونوں مسلمان ممالک مشترکہ روایات سے جڑے ہوئے ہیں اور یہ مشترکہ رشتے ہمارے تعلقات کو مزید خصوصی اہمیت کا حامل بناتے ہیں۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ مجھے مکمل یقین ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے ملاقات کے دوران باہمی اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور خطے کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔آئی این پی نے ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ''ارنا'' کے حوالے سے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے کہا امریکہ پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ سرحدوں پر کشیدگی بھی جاں بوجھ کردشمنوں کی جانب سے پیدا کی گئی ہے۔ ایران کی طرح پاکستانی عوام بھی عزیز ہیں۔ گیس پائپ لائن منصوبے سمیت تمام منصوبوں میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔ امریکہ سمیت کئی ایسی ریاستیں ہیں جو پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں اور وہ دونوں ممالک کے درمیان فاصلے بڑھانا چاہتی ہیں۔

پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی کشیدگی دشمنوں کی سوچی سمجھی سازشوں کا نتیجہ ہے۔ نواز شریف اپنے2 روزہ دورہ ایران کے آخری مرحلے میں تہران سے مشہد پہنچے اور حضرت امام رضا رحمۃ اللہ علیہ کے روضے پر حاضری دی۔ انہوں نے روزے کے سامنے کھڑے ہوکر اور نہایت عقیدت کے ساتھ دعا کی۔ پاکستانی سفارتخانے کے اضافی عملے تک کو ایرانی حکومت کی طرف سے مشہد جانے کیلئے خصوصی طیارہ دیا گیا جبکہ نوازشریف کو امام رضا کے مزار پر خصوصی رسائی دی گئی، جہاں انہوں نے پورا گھنٹہ قیام کیا۔ اس موقع پر انہیں گورنر مشہد سمیت ایرانی حکام کے ساتھ روضے پر لنگر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے یہاں نوافل ادا کئے اور پاکستان کی ترقی سلامتی اور خوشحالی کیلیے دعائیں کیں۔