کراچی میں کار پر فائرنگ سے جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈرائیور سمیت جاں بحق

منظورمیمن نے حملےسے کچھ دیر قبل رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونیوالے لیاری گینگ وارکے ملزم کا میڈیکل سرٹیفکیٹ تیارکیاتھا


ویب ڈیسک May 13, 2014
ڈاکٹر منظور میمن اسپتال سے گھر واپس جارہے تھے کہ دہلی کالونی کے قریب مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی . فوٹو: فائل

دہلی کالونی میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کرکے جناح اسپتال کے میڈیکو لیگل افسر اور ان کے ڈرائیور کو قتل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر منظور میمن اسپتال سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ کلفٹن کے علاقے دہلی کالونی کے قریب پہلے سے ہی گھات لگائے بیٹھے موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد ان کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ دونوں افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، بعد ازاں دونوں مقتولین کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں۔

دوسری جانب پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 12 سے 14 خول ملے ہیں ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈاکٹر منظور میمن کا تعاقب کررہے تھے اور انہیں ٹارگٹ کرکے نشانہ بنایا گیا تاہم واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر منظور میمن نے اپنے اوپر حملے سے کچھ ہی دیر قبل ملیر میں رینجرز کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے لیاری گینگ وار کے ملزم کا میڈیکل سرٹیفکیٹ تیار کیا تھا۔

مقبول خبریں