رینجرزہیڈکوارٹرکے قریب دھماکے میں ملوث ایک ملزم مقابلے میں ہلاکترجمان رینجرز

آج صبح رینجرز ہیڈکوارٹر کے قریب بیکری کے باہر دھماکے میں 8 افراد زخمی ہوئے تھے


ویب ڈیسک May 21, 2014
ملزم کا تعلق سیف اللہ گروپ سے تھا،ترجمان رینجرز ،فوٹو:محمد عظیم/ایکسپریس

نارتھ ناظم آباد میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملے میں ملوث ایک دہشت گرد مقابلے میں مارا گیا۔


ترجمان رینجرز کے مطابق آج صبح رینجرزہیڈکوارٹر کے قریب دھماکے میں ملوث ایک دہشت گرد مقابلے میں ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزم نے منگھوپیر اجتماع گاہ کےقریب رینجرز پر فائرنگ کردی جس کےبعد رینجرز کی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا ،ملزم کے قبضے سے دستی بم اور رائفل برآمد کرلی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق سیف اللہ گروپ سے تھا اور وہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں پر دوبارہ حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔


واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں واقع رینجرز ہیڈکوارٹر کے قریب ایک بیکری کے باہر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے تھے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں،دکانوں اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 5 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔


نارتھ ناظم آباد میں واقع اس رینجرز ہیڈ کوارٹر کو گزشتہ 2 برسوں کے دوران 3 مرتبہ دہشتگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔

مقبول خبریں