اداروں کیخلاف مہم پی ٹی آئی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کے بھائی پر مقدمہ درج

عدنان خان سرکاری اداروں کو ڈیوٹی ادا کرنے سے منع اور اداروں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کررہے ہیں،ایف آئی آر


ویب ڈیسک November 06, 2023
عدنان خان کے خلاف مقدمے میں 4 دفعات شامل کی گئی ہیں (فوٹو: اسکرین گریب)

پی ٹی آئی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کے بھائی پر اداروں کے خلاف مہم چلانے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر اسد قیصر کے بھائی عدنان خان کے خلاف مقدمہ تھانہ صوابی میں درج کیا گیا ہے، جس کے مطابق عدنان خان نے اپنے بھائی اسدقیصر کی گرفتاری پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداروں کےخلاف مہم شروع کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسد قیصر کا جوڈیشل ریمانڈ منظور، اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا

عدنان خان کےخلاف مقدمہ صوابی کے رہائشی آفتاب علی نے درج کرایا ہے، جس میں 4دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق عدنان خان اداروں کےخلاف نازیبا الفاظ استعمال کررہے ہیں۔ سرکاری اداروں کو اپنی ڈیوٹی ادا کرنے سے منع کررہے ہیں جس سے عالمی سطح پر پاکستانی اداروں کی بےعزتی ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کو کچھ روز قبل اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ان کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اڈیالہ جیل بھیج دیا تھا۔

مقبول خبریں