پرینیتی چوپڑا نے راگھو چڈھا کو اپنی "دوا" قرار دیدیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 نومبر 2023
راگھو چڈھا آج اپنی 35ویں سالگرہ منا رہے ہیں: فوٹو انسٹاگرام

راگھو چڈھا آج اپنی 35ویں سالگرہ منا رہے ہیں: فوٹو انسٹاگرام

نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے شوہر راگھو چڈھا کے لیے سوشل میڈیا پر محبت بھرا پیغام جاری کرتے ہوئے اُنہیں اپنی ‘دوا’ قرار دے دیا۔

راگھو چڈھا آج اپنی 35ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس موقع پر اُن کی اہلیہ و اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر شوہر کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا۔

پرینیتی چوپڑا نے راگھو چڈھا کے ساتھ گُزارے گئے زندگی کے چند حسین لمحوں کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کیں، جن میں سے ایک تصویر میں اداکارہ کے پاوْں پر مہندی بھی لگی ہوئی ہے۔


View this post on Instagram

A post shared by @parineetichopra

اداکارہ نے راگھو چڈھا سے مخاطب ہوتے ہوئے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “میری راگائی! آپ خدا کی طرف سے مجھے ملنے والے تمام تحائف میں سب سے بہترین تحفہ ہیں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “آپ کی ذہانت، آپ کی سوچ ہمیشہ مجھے متاثر کرتی ہے، آپ کی دیانتداری اور سچائی نے مجھے ایک بہترین انسان بنایا ہے، اس جدید دور میں بھی آپ پُرانی روایات کا احترام کرتے ہیں”۔

مزید پڑھیں: پرینیتی چوپڑا نے دلی خواہشات کو سمجھنے کیلئے حضرت علی ؓ کا قول شیئر کردیا

پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ “میرے خاندان کو اپنا خاندان سمجھتے ہیں، اُن سے پیار کرتے ہیں، یہ سب دیکھ کر مجھے بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے اور آپ کا پُرسکون رہنا میرے لیے دوا کی مانند ہے”۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ “آج میرا پسندیدہ دن ہے کیونکہ آج کے دن آپ میرے لیے اس دُنیا میں آئے، میرے شوہر کو سالگرہ مبارک ہو، میرا انتخاب کرنے کے لیے شکریہ”۔

مزید پڑھیں: طویل عرصے سے شادی کا انتظار کر رہی تھی: پرینیتی چوپڑا

واضح رہے کہ رواں برس 24 ستمبر کو پرینیتی چوپڑا نے عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے معروف بھارتی سیاست دان راگھو چڈھا کے ساتھ ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں شاہی انداز میں شادی کی تھی، اس جوڑے کی شادی کی تقریب میں اہلخانہ سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سمیت پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔