"آجاؤ میرے بچوں گھر بہت اُداس ہے"؛ عدنان صدیقی کا قومی ٹیم پر طنز

ویب ڈیسک  اتوار 12 نومبر 2023
قومی ٹیم کی بھارت سے وطن واپسی کا شیڈول جاری : فوٹو ویب ڈیسک

قومی ٹیم کی بھارت سے وطن واپسی کا شیڈول جاری : فوٹو ویب ڈیسک

شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے آئی سی سی ورلڈکپ کے میگا ایونٹ سے پاکستان کے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم کے لیے طنزیہ پوسٹ جاری کردی۔

گزشتہ روز کلکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر قومی ٹیم کو میگا ایونٹ سے باہر کردیا۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 338 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم 338 رنز کے تعاقب میں 44 ویں اوور میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کی ناقص کارکردگی اور پھر میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد شائقین کرکٹ میں شدید غم و غصہ دیکھا جارہا ہے جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: سیمی فائنل کے دروازے بند! سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان آگیا

ایسے میں پاکستان کے سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کے لیے طنزیہ پوسٹ جاری کی ہے۔

عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر قومی کھلاڑیوں کی تصویر شیئر کی جس میں وہ . سوٹ کیس لیے ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔

ad1

اداکار نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “آجاؤ میرے بچوں گھر بہت اُداس ہے”۔

عدنان صدیقی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ “اگر قومی ٹیم کے جیتنے پر ہم جشن مناتے ہیں تو ہارنے پر بھی ہمارے کھلاڑیوں کو عوام کے سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے”۔

ad2

صارف نے کہا کہ “ہماری ٹیم ہمارا فخر ہے اور ہمیشہ ہمارا فخر رہے گی”۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹرز اور آفیشلز کی وطن واپسی کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، قومی کرکٹرز کولکتہ سے دو مختلف پروازوں سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچیں گے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی

کھلاڑی 13 نومبر کو سیالکوٹ، اسلام آباد اور لاہور پہنچیں گے جبکہ فاسٹ بولر حسن علی بھارت میں قیام کریں گے اور 22 نومبر کو وطن لوٹیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔