ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا

کوہلی نے ٹنڈولکر کے ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں بنائے گئے رنز کا بھی ریکارڈ توڑ دیا


ویب ڈیسک November 15, 2023
(فوٹو: کرک انفو)

ویرات کوہلی نے آج آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 117 رنز بناکر اپنے ایک روزہ میچوں کی 50 ویں سنچری بنا ڈالی اور اپنے ہی ملک کے شہرۂ آفاق بلے باز سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا۔

ویرات کوہلی نے سنچریوں کی نصف سینچری کا سنگ میل 42ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے باؤلر لوکی فرگوسن کی گیند پر عبور کیا اور ہوا میں اچھل کر جشن منایا۔

مزید پڑھیں: روہت شرما نے ورلڈکپ مقابلوں میں سب سے چھکے مارنے کا ریکارڈ توڑ دیا

ویرات کوہلی نے اسٹیڈیم میں بیٹھے سچن ٹنڈولکر کی جانب اشارہ کرکے انھیں خراج تحسین بھی پیش کیا اور پھر اپنی اہلیہ اداکارہ انوشکا کی جانب پیار کا اظہار کیا۔ اس تاریخی موقع پر پورا اسٹیڈیم تالیوں سے گونجتا رہا۔



دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے ویرات کوہلی کی یہ سنچری ورلڈکپس میں مجموعی طور پر 5 ویں جب کہ ورلڈ کپ 2023 میں تیسری سنچری ہے۔ آج نیوزی لینڈ سے قبل وہ بنگلا دیش اور جنوبی افریقا کے خلاف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

ویرات کوہلی کی ورلڈکپ میں مجموعی طور پر بنائی گئی سنچریوں کی خاص بات یہ بھی رہی ہے کہ پانچ میں سے چار سینچریوں نے بھارت کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Kohli

بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے لیے آج دن یوں بھی خاص رہا کہ انھوں نے بھارت کی جانب سے ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں ویرات نے اس ایڈیشن کے 10 اننگز میں 101.57 کی اوسط سے 711 رنز بنائے ہیں۔

Virat kohli

یاد رہے کہ ویرات کوہلی کوہلی نے 2008 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلی ون ڈے سنچری دسمبر 2009 میں سری لنکا کے خلاف بنائی تھی۔

Virat and Tendulker

35 ویرات کوہلی 290 ایک روزہ میچوں میں 13 ہزار 700 سے زائد رنز بنا چکے ہیں اور 187 ٹیسٹ اننگز میں انھوں نے 8676 رنز سمیٹے جب کہ 115 ٹی-20 میچوں میں کوہلی کے بلّے نے 4008 رنز اگلے۔

Virat Kohli break Sachin Tendulker record

ویرات کوہلی کوئی ریگولر باؤلر نہیں لیکن وہ ایک روز میچوں میں 5 اور ٹی -20 میں 4 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔

مقبول خبریں