جونیئر ہاکی چیمپئین شپ نیشنل بینک نے ٹرافی جیت لی

فاتح ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان واپڈا کو 2-1 سے زیرکر کے چیمپئن شپ اپنے نام کی۔


Sports Reporter May 25, 2014
پنجاب کلرز نے پی آئی اے کو3-2سے شکست دے کرتیسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹو: فائل

نیشنل بینک نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان واپڈا کو 2-1 سے زیرکر کے33 ویں قومی جونیئر انڈر18ہاکی چیمپئن شپ جیت لی، پنجاب کلرز نے پی آئی اے کو3-2 سے قابو کرکے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا، فاتح ٹیم کی جانب سے 2 گول داغنے والے مبشر حسین نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تحت ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم پر کھیلی جانے والی اس چیمپئن شپ کے فائنل اور تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی سندھ کے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرصغیر احمد تھے۔ فائنل میچ میں نیشنل بینک نے ابتدا ہی میں دفاعی چیمپئن واپڈا کو دبائو کا شکار کردیا، کھیل کے پہلے ہی منٹ میں مبشرحسین نے ملنے والے پہلے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پہنچاکر بینک کو 1-0 کی برتری دلوادی، بعد میں بینک کے کھلاڑیوں نے متعدد بہترین موو بناکر حریف گول پوسٹ پر حملے کیے، واپڈا کی ٹیم مدمقابل فارورڈ لائن کے سامنے بے بس نظر آئی۔

بینک نے 9ویں منٹ میں ملنے والا دوسرا اور 12ویں منٹ میں ملنے والا تیسرا پنالٹی کارنر گنوادیا، اسی طرح واپڈا کی ٹیم بھی 14 ویں منٹ میں ملنے والے پہلے اور پھر اگلے ہی منٹ میں ملنے والے دوسرے پنالٹی کارنر سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ، 20 ویں منٹ میں بینک کو اپنی برتری دگنی کرنے کا ایک اور موقع ملا لیکن اس مرتبہ بھی پنالٹی کارنر کو کارآمد نہیں بنایا جاسکا، کامیاب ٹیم نے کھیل کے پہلے 2 کوارٹرز میں اپنی سبقت قائم رکھنے کے بعد تیسرے کوارٹر میں دفاعی انداز اختیار کیا جس کے نتیجے میںکھیل ختم ہونے سے 3منٹ قبل57 ویں منٹ ملنے والا 5 واں پنالٹی کارنر بھی ضائع ہوگیا لیکن اگلے منٹ میں مبشر حسین نے چھٹے پنالٹی کارنر کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھاکر اسکور 2-0 سے بینک کے حق میں کردیا۔

کھیل ختم ہونے سے قبل پرجوش نظر آنے والی واپڈا نے آخری منٹ میں اپنا چوتھا پنالٹی کارنر ضائع کیا مگر اسی منٹ میں مل جانے والے پانچویں پنالٹی کارنر پر محمد احد نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچاکر ٹیم کا خسارہ کم کردیا، یہ اسکور فائنل وسل تک برقرار رہا، قبل ازیں تیسری پوزیشن کے مقابلے میںپنجاب کلرز نے پی آئی اے کو3-2 سے ہرادیا، کامیاب ٹیم کی جانب سے ایم آصف، قاسم احمد اور کپتان محسن صابر نے 1،1 گول کیا جبکہ مقابل ٹیم کے ابو بکر اور عامر علی نے 1،1 مرتبہ حریف گول کیپر کو چکمہ دیا، آخر میں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کیے، فاتح ٹیم کے کپتان عتیق نے 2لاکھ روپے نقد اور وننگ ٹرافی وصول کی۔

رنر اپ ٹیم کے حصہ میں ڈیڑھ لاکھ روپے اور ٹرافی آئی، پنجاب کلرز کو تیسری پوزیشن کے حصول پر1لاکھ روپے جبکہ چوتھی پوزیشن کی حامل پی آئی اے کو50ہزار روپے ملے، فاتح ٹیم کے کپتان مبشر حسین نے ایونٹ کا بہترین اسکورر کا اعزاز بھی پایا، قبل ازیں مہمان خصوصی ڈاکٹر صغیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایچ ایف کی کاوشوں سے کراچی اور سندھ بھر سے بہترین کھلاڑیوں کو سامنے آنے کا موقع ملے گا، انھوں نے ہاکی کے فروغ کے لیے کے ایچ اے کو 1لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد علی نے کہا کہ ملک بھر سے آنے والی ٹیمیں کراچی کی میزبانی سے متاثر ہوئیں، ہمارا ہدف جونیئر عالمی کپ2016 ہے، قومی ہاکی کی بہتری کے لیے سینئرز کو ان کے گھروں پر جاکر منایا، ہم نے مل کر قومی ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لانا ہے،کے ایچ اے کے صدر واسع جلیل نے کہا کہ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد سے کراچی کی اصل تصویر سامنے آئی، آئندہ مقابلے مزید بہتر انداز میں منعقد کرائیں گے، انھوں نے فائنل دیکھنے آنے والے مقامی اسکول کے بچوں کو بھی 10ہزار روپے انعام بھی دیا، قبل ازیںکے ایچ اے کے سیکریٹری محمد فاروق خان نے استقبالیہ کلمات ادا کیے، اس موقع پر قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان اور سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔