گیس پیداوار گزشتہ مالی سال 5 تیل کی 2 فیصد بڑھ گئی

آئل کی پیداوار 67 ہزار بیرل اور گیس کی 4.2 بلین کیوبک فٹ یومیہ ہو گئی


ایکسپریس July 11, 2012
آئل کی پیداوار 67 ہزار بیرل اور گیس کی 4.2 بلین کیوبک فٹ یومیہ ہو گئی

مالی سال 2011-12 کے دوران گیس کی مقامی پیداوار میں5 فیصد اور تیل کی مقامی پیداوار میں 2فیصد اضافہ ہوا ہے، تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے کی یہ شرح 6سال کی بلند ترین سطح بتائی جاتی ہے۔ پاکستان پٹرولیم انفارمیشن سروسز کے اعداد و شمار کے مطابق گیس کی پیداوار 5 فیصد اضافے سے 4.2 بلین کیوبک فٹ یومیہ جبکہ تیل کی پیداوار 2 فیصد اضافے سے 67ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی۔

کنرپشا کی ڈیپ فیلڈ اور ٹنڈو الہ یار میں گیس کی ریکوری نے گیس کی پیداوار میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ فیلڈز سے رسد میں بہتری بھی گیس کی پیداوار میں اضافے کا سبب بنی، گزشتہ مالی سال زمزمہ، قادر پور، اوچھ، کندھکوٹ اور منزالائی فیلڈز سے گیس سپلائی میں بہتری آئی، سوئی فیلڈ سے گیس کی سپلائی میں 3فیصد کمی جبکہ ماری فیلڈ سے 10فیصد اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق گیس کی پیداوار میں اضافے سے توانائی کے بحران کو کم کرنے میں مدد ملے گی،

گزشتہ چند سال کے دوران ملک میں گیس کی پیداوار میں اوسطاً 2فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال 5فیصد اضافے کے باجود ملک میں گیس کی طلب و رسد میں ایک ارب کیوبک فٹ یومیہ کا فرق موجود ہے جبکہ کمرشل صنعتی اور گھریلو نئے کنکشنز کی ہزاروں درخواستیں بھی منظوری کی منتظر ہیں جن پر گیس بحران کے سبب پابندی عائد ہے۔ گزشتہ مالی سال ملک میں تیل کی پیداوار 65ہزار بیرل یومیہ سے بڑھ کر 67 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے، ناسپھا، ادھی اور منزالائی فیلڈ سے تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،

گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی تیل کی پیداوار 13فیصد اضافے سے 8400بیرل یومیہ اور گیس کی پیداوار3 فیصد بڑھ کر 980ایم ایم سی ایف تک پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا ہے جس سے پی پی ایل کی سوئی فیلڈ سے گیس کی کمی کے اثرات کسی حد تک زائل ہوگئے ہیں، دوسری جانب او جی ڈی سی ایل کی گیس کی پیداوار 11 فیصد اور تیل کی پیداوار میں1فیصد اضافہ ہوا ہے، پی او ایل کی تیل اور گیس کی پیداوار میں 1، 1فیصد اضافہ ہوا ہے۔