پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں بلا تاخیر الیکشن کیلئے کوششوں کی توثیق

کنٹریکٹ ملازمین کیلیے ہیلتھ انشورنس اور دیگر فوائد کی منظوری دیدی گئی


Sports Reporter May 27, 2014
کنٹریکٹ ملازمین کیلیے ہیلتھ انشورنس اور دیگر فوائد کی منظوری دیدی گئی فوٹو: فائل

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کیلیے ہیلتھ انشورنس اور دیگر فوائد کی منظوری دیدی گئی۔

اراکین نے نئے جمہوری آئین کی جلد منظوری اور بلا تاخیر الیکشن کرانے کیلیے کوششوں کی توثیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا چھٹا اجلاس پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا، صدارت چیئرمین نجم سیٹھی نے کی،دیگر اراکین شہریار خان، ظہیر عباس،اقبال قاسم، شکیل شیخ اور چیف آپریٹنگ سبحان احمد بھی موجود تھے، وفاقی وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری اعجاز چوہدری،چیف سیکریٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ اور یوسف نسیم کھوکھر ذاتی مصروفیات کی بنا پر اجلاس میں شرکت نہ کرسکے۔کمیٹی کو پی سی بی کی موجودہ قانونی حیثیت کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔

اراکین نے چیئرمین کی طرف سے وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کونئے جمہوری آئین کی جلد منظوری کی درخواست اور بعد ازاں بغیر کسی تاخیر کے الیکشن کرانے کے عزم کی توثیق کردی۔ مینجمنٹ کمیٹی نے اتفاق رائے سے پی سی بی کے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کیلیے ہیلتھ انشورنس اور دیگر فوائد کی منظوری دیدی۔اس سے قبل مذکورہ سہولتیں ریگولر ملازمین کو حاصل تھیں۔ مراعات کا اعلان کیے جانے پر کنٹریکٹ ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مینجمنٹ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا،ان کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے کرکٹ کی خدمت کررہے ہیں، ہمیں ریگولر کردیا جائے تو بے روزگار ہونے کے خوف سے نجات ملنے کے بعد یکسوئی سے کام کرسکیں گے۔