’’گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 40 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا‘‘ حماس

اسرائیلی محکمہ دفاع نے 2 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجیوں کے معذور ہونے کی تصدیق کی ہے


ویب ڈیسک December 11, 2023
فوٹو : فائل

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اُنہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 40 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور 44 فوجی ٹینکوں کو تباہ کیا۔

خبررساں ادارے کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران، ہم نے غزہ میں اسرائیل کے 44 ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا، اسی دوران 40 اسرائیلی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی بھی ہوئے۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ٹیلی گرام اکاوْنٹ پر اسرائیلی فوجیوں پر کیے جانے والے حماس کے حملوں کی ویڈیو بھی جاری کی۔

دوسری جانب اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع کی سربراہ نے 2 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجیوں کے معذور ہونے کی تصدیق کی ہے۔

مزید پڑھیں: حماس سے جھڑپ میں بیٹے کے بعد اسرائیلی سابق آرمی چیف کا بھتیجا بھی ہلاک

اسرائیلی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزارت دفاع کی سربراہ نے کہا کہ ہمارے کئی فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور آگے چل کر ان کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ کئی فوجیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کی سربراہ نے کہا کہ ہمارے کئی فوجیوں کو شدید اندرونی زخم آئے ہیں جس کی وجہ سے اُن کے اعضا شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد فوجیوں کے ہاتھ اور پاوْں بھی کاٹنے پڑے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ہمارے فوجیوں کو کبھی ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا، جیسا اب کرنا پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی بمباری میں غزہ کی 650 سال پرانی العمری مسجد شہید

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 49 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔