استقبال رمضان المبارک کیلئے بیت اللہ کے غسل کی روح پرور تقریب

کعبتہ اللہ کی اندرونی دیواروں کوعرق گلاب اور دیگرخوشبوؤں میں بھیگے کپڑے جبکہ فرش کوآب زم زم اورعرق گلاب سے دھویا گیا۔


ویب ڈیسک May 29, 2014
ہر سال خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو رمضان کی آمد سے پہلے اور نئے ہجری سال کے آغاز پر غسل دیا جاتا ہے۔ فوٹو: جہانگیر خان

استقبال رمضان المبارک کے لئے بیت اللہ کو کئی من آب زم زم، عرق گلاب اور دیگر خوشبوؤں سے غسل دیا گیا۔

استقبال رمضان المبارک کے سلسلے میں خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب ہوئی، جس میں خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ کی جانب سے مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ مشال بن عبد اللہ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد، خانہ مسجد الحرام کے امام اور حرم انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس اور اعلیٰ سعودی حکام کے علاوہ اسلامی ممالک کے سفرا اور نمائندگان نے شرکت کی، پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

غسل کے دوران کعبتہ اللہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب اور دیگر خوشبوؤں میں بھیگے ہوئے سفید کپڑے سے صاف کیا گیا جبکہ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب سے کھجور کے پتوں اور ہاتھوں سے دھویا گیا۔ غسل کے دوران خانہ کعبہ کا دروازہ کھلا رہا اور وہاں موجود ہزاروں معتمرین اور اہلکاروں نے اللہ کے گھر کو اندر سے دیکھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

واضح رہے کہ ہر سال خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو رمضان کی آمد سے پہلے اور نئے ہجری سال کے آغاز پر غسل دیا جاتا ہے۔

مقبول خبریں