کاغذات نامزدگی منظوری کیلیے پرویز الہیٰ اور ان کی اہلیہ کی اپیلیں مسترد

تحریک انصاف کے کرنل (ر) اجمل صابر، راجہ ناصر محفوظ، سردار آفتاب اور معین سلطان کی اپیلیں منظور


ویب ڈیسک January 08, 2024
(فوٹو : فائل)

سابق وزیر اعلی پرویز الہیٰ کی این اے 59 اور پی پی 23 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں مسترد ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے جج چوہدری عبدالعزیز نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، جج نے ریٹرننگ آفیسر کا پرویز الہیٰ کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے اور نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کی دائرہ کردہ اپیلیں مسترد کردیں۔

پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الہیٰ بھی این اے 59 اور پی پی 23 سے نااہل قرار پائی ہیں، دونوں میاں بیوی پر اثاثہ جات چھپانے، اہلیہ کے غیر ملکی دورے ظاہر نہ کرنے کا اعتراض ثابت ہوا ہے۔ ان پر گوشواروں اور مختلف کمپنیز میں شئیرز ظاہر نہ کرنے کا اعتراض بھی درست قرار پایا۔

الیکشن ٹریبونل نے کے مطابق دونوں حلقوں کے لیے الگ الگ اخراجات کے بینک اکاؤنٹس بھی نہ کھولنے کا اعتراض درست قرار پایا ہے، ڈاکیومنٹس میں ٹیکنیکل غلطیوں، اوتھ کمشنر سے پراپر تصدیق بھی نہ کرانے کا اعتراض درست قرار پایا ہے۔

اسی طرح تحریک انصاف کے کرنل (ر) اجمل صابر، راجہ ناصر محفوظ، سردار آفتاب اور معین سلطان کی اپیلیں منظور کرلی گئیں۔

دریں اثنا الیکشن ٹربیونل راولپنڈی کے ججز جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے آج مجموعی طور پر 35 اپیلوں کی سماعت کی، 17 منظور، 12 مسترد اور 6 اپیلوں کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

اپیلوں کی سماعت 10 جنوری تک ہوگی، کل الیکشن ٹربیونل سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی این اے 60 اور 61 اپیلوں کا فیصلہ سنائے گا۔

مقبول خبریں