اسد شفیق ون ڈے کرکٹ میں واپسی کے لیے پُرعزم

سمر کیمپ آئیڈیل ہے، فٹنس میں بہتری آگئی،بڑی اننگز کھیلنے میں مدد ملے گی، بیٹسمین


Sports Reporter May 31, 2014
اچھا برا وقت ہر کھلاڑی کی زندگی میں آتا ہے، ہمت نہیں ہارنی چاہیے، عمر امین فوٹو: فائل

ISLAMABAD: نوجوان بیٹسمین اسد شفیق نے ٹیسٹ میں عمدہ پرفارمنس کے ذریعے ون ڈے کرکٹ میں واپسی کا عزم کرلیا۔

انھوں نے سمر کیمپ کو آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہاکہ فٹنس میں کافی بہتری آئی ہے، اس سے بڑی اننگز کھیلنے میں مدد ملے گی، عمر امین نے تینوں فارمیٹس میں ملکی نمائندگی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اچھا برا وقت ہر کھلاڑی کی زندگی میں آتا ہے تاہم ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے بات چیت میں اسد شفیق نے کہا کہ تمام کھلاڑی بھرپور محنت کررہے ہیں جس سے فٹنس میں کافی بہتر ی آگئی،اس سے خاص طور پر ٹیسٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں مدد ملیگی۔

انھوں نے کہاکہ میں ٹیسٹ میں اپنی پرفارمنس مزید بہتر بناکر ون ڈے میں کم بیک کرنا چاہتا ہوں، ٹیم مینجمنٹ مخالف ٹیم اورکنڈیشزکو دیکھ کر ہی بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتی ہے،پروفیشنل کھلاڑی کو کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کیلیے تیار رہنا چاہیے، مجھے جس نمبر پر بھی بھیجا جائے بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔ اسد شفیق نے کہاکہ کسی سے گھبراہٹ محسوس نہیں کرتا، بولر کے خطرناک ہونے کا انحصار کنڈیشنز ، وکٹ اور میچ کی صورتحال پر ہوتا ہے۔

بعض اوقات کوئی فاسٹ بولر فلیٹ وکٹ پر بھی خطرناک ثابت ہوتا جبکہ کہیں میڈیم پیسر بھی مشکلات کا شکار کردیتا ہے۔ عمر امین نے کہا کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں ملکی نمائندگی اور ٹیم کی جیت میں بھرپور کردار ادا کرنے کی خواہش ہے، قذافی اسٹیڈیم میں سمر کیمپ جیسی سرگرمی میں پہلی بار شرکت کی،اس سے کھلاڑیوں کی فٹنس میںنمایاں بہتری آگئی جو آئندہ کی سیریز میں کام آئے گی، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچ منصور رانا بیٹنگ تکنیک میں بہتری لانے کیلیے کام کررہے ہیں، اپنی بیٹنگ کی ویڈیوز بھی دیکھ کر خامیاں دور کرنے کی کوشش کی۔انھوں نے کہاکہ اچھا بُرا وقت ہر کھلاڑی کی زندگی میں آتا ہے ۔

تاہم مشکل میں بھی ہمت نہ ہارتے ہوئے فارم دوبارہ حاصل کرنے کیلیے بھرپور محنت کرنی چاہیے۔ عمر امین نے کہا کہ بطور مستقبل کے کپتان نام لیے جانے پر کسی اضافی دبائو کا شکار نہیں ہوا تھا،اس وقت بھی اپنی توجہ کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز رکھی،اب بھی سخت محنت سے پرفارمنس میں تسلسل لانے کی کوشش کررہا ہوں۔ انھوں نے بتایا کہ موجودہ کھلاڑیوں میں ڈی ویلیئرز اور ویرات کوہلی آئیڈیل ہیں، سعید انور آل ٹائم فیورٹ کرکٹر ہیں،اس معیار تک پہنچنے کیلیے مسلسل محنت کروں گا جس کا پھل بھی ضرور ملے گا۔