ہرحال میں وزیراعلی ہاؤس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا، علامہ حسن ظفر نقوی فوٹو؛ اے ایف پی
لاہور:
مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف سپریم کورٹ رجسٹری کے سامنے دھرنا جاری ہے جس میں خواتین، بچوں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کے سینکڑوں کارکنان کی جانب سے نمائش چورنگی پر احتجاج کیا گیا اس موقع پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا، کارکنان نے نمائش چورنگی پر ٹائر نذر آتش کئے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرین ایم اے جناح روڈ سے ہوئے شاہین کمپلیکس پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعلی ہاؤس جانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے وزیراعلی ہاؤس جانے والے تمام راستے سیل کردیئے۔ مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہرحال میں وزیراعلی ہاؤس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔