لاہور میں پی پی امیدوار کا دفتر پر پیٹرول بم حملہ کا دعویٰ پولیس کی تردید
پی پی 162 دفتر پر پیٹرول بم حملے یا آگ لگانے کے تاحال شواہد نہیں ملے، پولیس
پیپلزپارٹی کے لاہور سے پی پی 162 کے امیدوار منظر عباس کھوکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹاؤن شپ میں قائم دفتر پر پیٹرول بم سے حملہ کیا گیا تاہم پولیس نے اس دعوے کی تردید کردی۔
پی پی امیدوار نے بتایا کہ نامعلوم افراد صبح کے وقت گیٹ پر پیٹرول بم پھینک کر فرار ہوگئے، پیٹرول بم سے گیٹ پر لگے تمام بینرز اور فلیکس جل گئے۔
پی پی امیدوار منظر عباس کھوکھر نے تھانہ ٹاؤن شپ میں پرچہ درج کرانے کے لیے درخواست دائر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ مخالفین میری انتخابی مہم سے خوف زدہ ہو کر اوچھی حرکتوں پر اتر آئے ہیں، اس طرح کے ہتھکنڈوں سے میری انتخابی مہم کم نہیں بلکہ مزید بڑھے گی۔
لاہور پولیس نے پی پی امیدوار کے دفتر پر پیٹرول بم حملے کی تردید
اُدھر لاہور پولیس نے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار برائے پی پی 162 کے دفتر پر پیٹرول بم حملے کے دعوے کی تردید کردی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس کی تفتیشی ٹیم کے افسر نے کہا کہ پی پی 162 دفتر پر پیٹرول بم حملے یا آگ لگانے کے تاحال شواہد نہیں ملے۔
انہوں نے کہا کہ دفتر کے گرد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں، شواہد ملنے پر قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔