ثانیہ مرزا کا شعیب ملک کی دوسری شادی پر ردعمل

شعیب ملک کی دوسری شادی کے اعلان کے بعد ثانیہ مرزا کے والد نے اپنی بیٹی کی طلاق کی تصدیق کی


ویب ڈیسک January 21, 2024
شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی : فوٹو : ویب ڈیسک

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ دوسری شادی پر اُن کی سابقہ اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

20 جنوری کی صبح شعیب ملک نے اپنی اور ثنا جاوید کی شادی کی تصدیق کی، اس جوڑی نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر پوسٹ کرکے کیپشن میں 'الحمدللہ' اور قرآن پاک کی آیت بھی لکھی تھی، شادی کے اعلان کے بعد سے شعیب ملک پاکستان اور بھارت میں ٹاپ ٹرینڈ کررہے ہیں۔

شعیب ملک کی دوسری شادی کے اعلان کے بعد ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی بیٹی کی طلاق کی تصدیق بھی کردی تھی، اُن کا کہنا تھا کہ ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے خلع لی ہے۔

مزید پڑھیں: شعیب ملک سے طلاق کی خبروں پر ثانیہ مرزا کے والد کا بیان آگیا

اب آج 21 جنوری کی صبح ثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انعم مرزا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر ایک نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے اپنی بہن اور شعیب ملک کی طلاق کی تصدیق کی۔

انعم مرزا نے کہا کہ "ثانیہ نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو عوام کی نظروں سے دور رکھا ہے لیکن آج ضرورت پیش آگئی ہے کہ وہ یہ بات آپ کو سب کو بتا دے کہ ثانیہ اور شعیب کی طلاق کو کچھ ماہ گزر گئے ہیں"۔

اُنہوں نے اپنی بہن کا پیغام مداحوں تک پہنچاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ "ثانیہ نے شعیب کی زندگی کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے"۔







View this post on Instagram


A post shared by Anam Mirza (@anammirzaaa)






انعم مرزا نے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ "ثانیہ کی زندگی کے اس مشکل مرحلے میں آپ سب سے درخواست ہے کہ کسی بھی جھوٹی خبر پر یقین نہ کریں اور ثانیہ کی پرائیوسی کا خیال رکھیں"۔

مزید پڑھیں: شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی

واضح رہے کہ شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔

دسمبر 2022 سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں لیکن دونوں اسٹارز کی جانب سے طلاق کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی، بشریٰ انصاری غصے سے آگ بگولا

دوسری جانب اداکارہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے نکاح کیا تھا، اس جوڑی نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں جبکہ سال 2023 میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبر سامنے آئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں