تحریک انصاف ملک میں انتشار پھیلا کر اجالوں کو دور کرنا چاہتی ہے مسلم لیگ ن

عمران خان کو کینیڈین عامل کا دکھایا گیا وزیراعظم بننے کا خواب ٹوٹ گیا ہے،وزیر دفاع خواجہ آصف


ویب ڈیسک June 07, 2014
نوازشریف جب ملک کو ایٹمی طاقت بناسکتے ہیں تو اقتصادی طاقت بھی بنا کر دکھائیں گے،پرویز رشید، فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے سیالکوٹ میں عمران خان کے جلسے پر رد عمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ جلسوں سے نہیں ہوتا تنظیمیں جلسے تو کرسکتی ہیں لیکن انتخابات نہیں جیت سکتیں، تحریک انصاف ملک میں انتشار پھیلا کر اجالوں کو دور کرنا چاہتی ہے جبکہ اس کے پاس سوائے شور شرابے کے کچھ نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ملک میں ڈیم،موٹروے،بجلی کے منصوبے،میٹرو بس ،تھری اورفورجی دیکھنا نہیں چاہتے ہیں جبکہ عمران خان کو کینیڈین عامل کا دکھایا گیا وزیراعظم بننے کا خواب بھی ٹوٹ گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں انتشار پھیلا کر اجالوں کو دور کرنا چاہتی ہے جبکہ اس کے پاس سوائے شور شرابے کے کچھ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جب ملک کو ایٹمی طاقت بناسکتے ہیں تو اقتصادی طاقت بھی بنا کر دکھائیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان جان لیں ملک کے مستقبل کا فیصلہ جلسوں سے نہیں ہوتا تنظیمیں جلسے تو کرسکتی ہیں لیکن انتخابات نہیں جیت سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سب سے بڑے جلسے کرسکتی ہے لیکن یہ وقت تعمیر کا ہے جلسوں کا نہیں جبکہ عمران خان ترقی سے خائف ہوکر فساد بھی پیدا کررہے ہیں۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان جہاں ہار جائیں وہاں دھاندلی کا رونا روتے ہیں، دھاندلی کا راگ الاپنا ان کا مشغلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تقاریر کے بجائے عوام کی حالت زار سنوارنے پر توجہ دیں وہ عوام کو بتائیں کے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کون سا انقلاب لائی ہے۔

مقبول خبریں