پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قطر اسکینڈل میں ملوث کیے جانے کی تردید کردی

پی ایف ایف نے خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر جلد ہی اپنا بیان جاری کریں گے


Sports Reporter June 09, 2014
برطانوی اخبارنے اپنی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ قطر نے ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے ایشیائی اور افریقی ممالک کو رشوت دیکر ان کی حمایت حاصل کی۔ فوٹو: فائل

فیفا ورلڈ کپ2022 کی قطر کو دی جانیوالی میزبان کے رشوت اسکینڈل میں پاکستان کا نام بھی آ گیا۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے الزام عائد کیا ہے کہ میگا ایونٹ کی قطر کو میزبانی میں حمایت کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے محمد بن حمام سے15ہزار امریکی ڈالر وصول کیے، تاہم ترجمان پی ایف ایف نے خبر کو بے بنیاد اورمن گھڑت قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے ، برطانوی اخبارنے اپنی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ قطر نے ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے ایشیائی اور افریقی ممالک کو رشوت دیکر ان کی حمایت حاصل کی۔

اخبار کے مطابق محمد بن حمام کی طرف سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو نومبر 2010 میں مبینہ طور پر15ہزار ڈالر فراہم کیے گئے، اس پیشکش سے پاکستان کے ہمسایہ ممالک بھی محفوظ نہ رہ سکے، بنگلہ دیش نے اسی عرصہ میں 25 ہزار ڈالر اور افغانستان نے 40 ہزار ڈالر وصول کیے، اس حوالے سے برطانوی اخبار نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ترجمان شاہد کھوکھر سے رابطہ کیا تو انھوں نے خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر پی ایف ایف جلد ہی اپنا بیان جاری کرے گی۔