صدر کے انتخاب کیلئے آصف زرداری اور محمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 مارچ 2024
سنی اتحاد کونسل نے محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے

سنی اتحاد کونسل نے محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے

 اسلام آباد: صدر مملکت کے انتخاب کیلئے آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے جبکہ وزارت عظمیٰ کیلیے شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

فاروق ایچ نائیک اور سلیم مانڈوی والا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدالت میں صدر مملکت کی نشست کیلئے آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

مزید پڑھیں: وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں صدارتی الیکشن کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اچکزئی کی فضل الرحمان سے ملاقات، صدارتی انتخاب کیلیے ووٹ مانگ لیا

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے لطیف کھوسہ، عمر ایوب خان اور دیگر رہنماؤں نے صدر کے لئے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

اُدھر وزارت عظمیٰ کیلیے اتحادی جماعتوں نے مشترکہ طور پر شہباز شریف کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب ہیں۔ دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو منظور کرلیا گیا ہے۔

ایوان میں اتوار کو نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلیے ووٹنگ ہوگی جس میں امیدوار اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

اسے بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کا وزارت عظمی کے الیکشن میں شہباز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان

اتحادی جماعتوں کی عددی اکثریت کے حساب سے ایوان میں برتری ہے جس کی بنیاد پر کہا جارہا ہے کہ شہباز شریف واضح اکثریت سے کامیاب ہوجائیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے بھی شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کیلیے ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت عظمیٰ الیکشن: عمر ایوب نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھادیا

اُدھر پاکستان تحریک انصاف نے بھی عمر ایوب کیلیے بی این پی مینگل، جے یو آئی کی قیادت سے رابطے کیے اور ووٹ مانگا ہے تاہم کسی بھی جماعت نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔