انڈر16 کرکٹرز کا تربیتی کیمپ آج شروع ہوگا

جونیئر سلیکشن کمیٹی نے 25 پلیئرز کا اعلان کردیا، اسکریننگ اور لیکچرز دیے جائیں گے


Sports Reporter June 10, 2014

پی سی بی کے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت انڈر 16کرکٹرز کا تربیتی کیمپ منگل سے شروع ہوگا۔

جونیئرسلیکشن کمیٹی نے25 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا، پہلے 2 روز کھلاڑیوں کی اسکریننگ اور لیکچرز کے بعد ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز ہوجائیگا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کی زیرنگرانی ابھرتے ستاروں کی آب و تاب بڑھانے کا سلسلہ 27 جون تک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی طرف سے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت مستقبل کے ستاروں کی تلاش کا سفر اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے، ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے دیگر ارکان سابق ٹیسٹ کرکٹرز علی نقوی، فرخ زمان اور سینئر جنرل منیجر اکیڈمیز علی ضیا کے ہمراہ ملک بھر میں انٹرریجنل انڈر16مقابلوں کا انعقاد کرواکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے46 نوعمرکھلاڑیوں کو مدعو کیا۔

ٹرائلز کا سلسلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 6 سے 8جون تک جاری رہنے کے بعد پیرکوسمرکیمپ کیلیے 25کرکٹرز کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ۔ منتخب پلیئرز میں عماد عالم، محمد حسن خان، سعد زاہد، محمد عمر،انس حمید (کراچی)، عزیر جعفری، سید عریش جعفری، محمد ابتسام (حیدرآباد)، ناجد راحیل(سیالکوٹ)،منصور علی(ایبٹ آباد)، اکرام اللہ خان(اسلام آباد)، ہدایت اللہ(کوئٹہ)، اسامہ رزاق(ڈیرہ مراد جمالی)غلام محمد(لاڑکانہ)،ذیشان بابر(فیصل آباد)، وسیع الحسن، حمزہ خان(بہاولپور)، احمد حسن، محمد عمر(لاہور)، احمد سلطان، راؤ عرفان، عمر صدیق، فراز خان، راؤ حمزہ، منیب الرحمان (ملتان) شامل ہیں، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈکوچ محمد اکرم کی نگرانی میں ٹریننگ کا سلسلہ 27 جون تک جاری رہے گا۔

این سی اے کے کوچز اور معاون اسٹاف بھی مختلف پروگراموں میں ان کا بھرپور ساتھ دیگا، حال ہی میں ختم ہونے والے سینئرکیمپ کی طرح جونیئرز کی بھی ابتدا میں مکمل اسکریننگ کی جائے گی، پہلے 2روز کرکٹرز کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ لے کر اس کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا،اس دوران کھلاڑیوں کو پروگرام، ڈسپلن اور دیگر متعلقہ امور سے آگاہی کیلیے لیکچرز بھی دیے جائیں گے، بعد ازاں ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے فٹنس میں بہتری لانے اور بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں تکنیکی خامیاں دور کرنے پرکام کیا جائیگا۔