کیریبیئن کرکٹ لیگ سعید حفیظ اور احمد شہزاد کی شرکت ممکن نہیں ہوگی

تینوں پلیئرز دورئہ سری لنکا کیلیے 15جولائی سے شیڈول کیمپ کا حصہ بنیں گے، بورڈ ذرائع


Sports Reporter June 10, 2014
تینوں پلیئرز دورئہ سری لنکا کیلیے 15جولائی سے شیڈول کیمپ کا حصہ بنیں گے، بورڈ ذرائع۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

3 قومی کرکٹرز سعید اجمل، محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی کیریبئین ٹوئنٹی20 پریمیئر لیگ میں شرکت مشکوک ہوگئی، ویسٹ انڈیز میں ایونٹ 13 جولائی سے شروع ہوگا۔

دورہ سری لنکا کی تیاری کیلیے قومی تربیتی کیمپ 15جولائی سے شیڈول کیے جانے کی وجہ سے پلیئرز کو ویسٹ انڈیز روانگی کا پروانہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹرز نے پی سی بی کی اجازت سے کیریبیئن ٹوئنٹی 20پریمیئر لیگ میں کھیلنے کیلیے مختلف فرنچائزز سے معاہدے کیے ہیں، اپریل میں پلیئرز کی نیلامی میں محمد حفیظ کو گیانا امیزون، احمد شہزادکو دفاعی چیمپئن جمیکا تلاواز نے خریدا، سہیل تنویر کا سینٹ لوشیا زوکس کیساتھ معاہدہ ہوا،سعید اجمل آئیکون پلیئر کی حیثیت سے پہلے ہی اینٹیگا ہاکس بلز کیلیے منتخب ہو چکے تھے، شعیب ملک اور عمران نذیر بارباڈوس ٹرائیڈنٹس، ناصر جمشید ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو ریڈ اسٹیل فرنچائز کا حصہ ہیں۔

کیریبیئن پریمیئر لیگ کا آغاز 13جولائی سے ہوگا،دوسری طرف دورئہ سری لنکا کا شیڈول طے پاجانے کے بعد تیاریوں کیلیے ٹریننگ کا سلسلہ 15جولائی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ان حالات میں محمد حفیظ، سعید اجمل، احمد شہزاد اور سعید اجمل کو این او سی ملنے کے امکانات باقی نہیں رہے، بورڈ ذرائع کے مطابق ہمیشہ کی طرح پلیئرز کی قومی ذمہ داریوں کیلیے دستیابی یقینی بنانے کو ترجیح دی جائیگی، اس سے قبل سعید اجمل اور جنید خان کو بھی فٹنس ٹریننگ سے استثنیٰ دیتے ہوئے کائونٹی کھیلنے کی مشروط اجازت دی گئی تھی، تاہم دورئہ سری لنکا کی تیاری کیلیے دونوں کرکٹرز قومی تربیتی کیمپ کو جوائن کرنے کے پابند ہونگے۔