انڈر16کیمپ میں کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا عمل شروع

کیمپ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے قوانین اور ضابطہ اخلاق پر خصوصی لیکچر بھی دیئے جائیں گے


Sports Reporter June 12, 2014
کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہی بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کروائی جائے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت انڈر 16 کھلاڑی نیٹ پریکٹس کا آغاز آج سے کریں گے۔انھیں کھیل کے قوانین اور ضابطہ اخلاق پر خصوصی لیکچر بھی دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انڈر16 کھلاڑیوں کا کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں زور و شور سے جاری ہے جس میں ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کی سربراہی میں کام کرنیوالے جونیئر سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب پلیئرز عماد عالم، محمد حسن خان، سعد زاہد، محمد عمر،انس حمید (کراچی)، عزیر جعفری، سید عریش جعفری، محمد ابتسام(حیدر آباد)، ناجد راحیل (سیالکوٹ)، منصور علی(ایبٹ آباد)، اکرام اللہ خان(اسلام آباد)، ہدایت اللہ(کوئٹہ)، اسامہ رزاق(ڈیرہ مراد جمالی) غلام محمد (لاڑکانہ)،ذیشان بابر(فیصل آباد)، وسیع الحسن، حمزہ خان (بہاولپور)، احمد حسن، محمد عمر(لاہور)، احمد سلطانِ، راؤ عرفان، عمر صدیق، فراز خان، راؤ حمزہ، منیب الرحمان (ملتان) این سی اے کے ماہر کوچز کی نگرانی میں صبح اور شام کے الگ الگ سیشنز میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں گزشتہ روز کھلاڑیوں کے 2روزہ فٹنس ٹیسٹ مکمل ہو گئے ، جس کے بعدکھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ ٹریننگ کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہو جائیگا، اسی روز این سی اے میں کھیل کے بارے میں قوانین اور کوڈ آف کنڈکٹ کے بارے میں خصوصی لیکچر بھی شیڈول ہے، پروگرام کے مطابق صبح 9 سے 10 بجے تک کھلاڑی جم میں ٹریننگ کرینگے، شام کے سیشن میں کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہی بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کروائی جائے گی۔بعد ازاں کھلاڑی این سی اے کے سوئمنگ پول میں تیراکی بھی کرینگے

۔دوسری جانب کیمپ کمانڈنٹ منصور رانا نے پی سی بی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کیمپ سے ایسے کھلاڑی سامنے آئینگے جو اپنے کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کرینگے۔ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ پی سی بی کے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کا مقصد ہی جہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کرنا ہے وہاں ان کی بنیادی خامیوں پر قابو پا کر ان کے کھیل میں نکھار لانا ہے تاکہ یہ اپنے کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کر سکیں۔

انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کی وجہ سے ماضی میں بابر اعظم سمیت متعدد کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو قومی ٹیم سمیت جونیئر اور ڈومیسٹک سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے آگے آئے ہیں۔انھوں نے کہاکہ کیمپ میں موجودہ کھلاڑی ریجنل سطح پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے کے بعد آگے بڑھے ہیں،ابتدائی مرحلے میں ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، بعد ازاں ان کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بنیادی خامیوں پر قابو پایا جائے گا۔