منشیات فروشوں کی الٹی گنتی شروع، سندھ حکومت نے بھرپور کریک ڈاؤن کیلیے کمر کس لی

ویب ڈیسک  منگل 19 مارچ 2024
فوٹو ایکسپریس

فوٹو ایکسپریس

  کراچی: سندھ کے سینئر اور صوبائی وزیر انسداد منشیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جلد بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا جس کے لیے اچھے افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر منسٹر اور صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔

شرکا سے گفتگو میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کریک ڈاؤن کے لئے اچھے افسران پر مشتمل ٹیمیں بنائی جائیں گی، منشیات کے خلاف اب بڑے پیمانے پر مؤثر کریک ڈائون ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو منشیات فروشوں کے چنگل سے نکالنا ہے، کریک ڈاؤن میں اچھی کارکردگی والے افسران کو انعامات و اعزازات سے نوازا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں گی کیونکہ ہمیں منشیات کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنانا ہے، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ نوجوان نسل کی آگہی کے لئے بھی کام کریں گے۔

اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز عاطف الرحمان، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن ریاض کھوسو اور دیگر شریک ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔